پاکستان: سیف کھیلوں کا پہلا دن | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
نویں سیف گيمز میں مقابلوں کا باقاعدہ آغاز کے بعد پہلے ہی روز پندرہ کھیلوں میں سے آج چھ کھیلوں نشانہ بازی، تیراکی، کراٹے، فٹبال، وولی بال اور بیڈمنٹن کے مقابلے ہوئے۔ نویں سیف گیمز کا پہلا طلائی تمغہ بھارت کی نشانہ بازوں کی ٹیم نے حاصل کیا۔نشانہ بازی کے ٹیم ایونٹ میں بنگلا دیش نے چاندی اور پاکستان کے نشانہ بازوں نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ نشانہ بازی کے انفرادی مقابلے دس میڑ ائیر رائفل میں بنگلا دیش کے کھلاڑی آصف حسین نے طلائی ، بھارت کے سنجیو نے چاندی اور اور بھارت ہی کے حنیفا سلیم نے کانسی کا میڈل حاصل کیا۔ تیراکی کے مقابلوں میں پہلے دن کا آغاز بھارتی کھلاڑیوں نے زبردست طریقے سے کیا اور باقی ممالک کے کھلاڑیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ آج ہونے والے تیراکی کے چاروں مقابلوں میں بھارتی تیراکوں نے کلین سوئپ کرتے ہوئے پاکستانی پیراکوں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ بنگلادیشی تیراک بھی بھارتی کھلاڑیوں کے آگے بے بس نظر آئے جبکہ دو سو میڑ بریسٹ سٹروک میں بنگالی تیراکوں کو فیورٹ سمجھا جا رہا تھا۔ دوسو میڑ بریسٹ سٹروک میں نا صرف بھارتی تیراک گیرک بردھان نے طلائی تمغہ حاصل کیا بلکہ سیف گیمز کا پرانا ریکارڈ بھی توڑا۔ گیرک بردھان نے مقررہ فاصلہ دومنٹ اٹھائیس اعشاریہ پچانوے سیکنڈ میں طے کیا اور اسطرح دو منٹ بتیس اعشاریہ صفر پانچ سیکنڈ کاپرانا ریکارڈ توڑ دیاجو کہ بنگلا دیشی تیراک میزان الرحمن کا تھا۔ دو سو میڑ بریسٹ سٹروک میں بنگلادیشی تیراکوں محمد نیاز علی اور صمید الاسلام نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے طمغے حاصل کیے۔ دو سو میڑ بیک سٹروک میں بھی بھارتی تیراک اکبر علی میر نے واضح فرق سے گولڈ میڈل جیتا۔سری لنکا کے ارون کرونارتنے چاندی اور پاکستان کے امداد علی کانسی کے طمغے کے حقدار ٹھہرے۔ بھارتی تیراک اکبر علی گو کہ گولڈ میڈل جیتنے پر خوش تو تھے تاہم ان کے بقول وہ اپنی ریکارڈ توڑنے کی خواہش کو پورا نہ کر سکے۔
چار سو میڑ فری سٹائل میں بھارت ہی کے مندر دیواس نے گولڈ میڈل جیتا۔جبکہ پاکستان کے ممتاز احمد اور محبوب علی نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے طمغے حاصل کیے۔ تیراکی کےآج کےچوتھے مقابلے میں بھی بھارتی تیراک ریحان پونچا ہی سرخرو ہوئےاور ایک اور سونے کا تمغہ بھارت کی جھولی میں ڈال دیا۔جبکہ بنگلادیش کے محمد روبیل نے سلور میڈل لیا اور پاکستانی تیراک ذوالفقارعلی کو برونز میڈل پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔ ایک کھیل کے جس میں آج پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے وہ تھا کراٹے۔ انفرادی کاتا میں پاکستان کے غلام علی نے فائنل میں بنگلا دیشی کھلاڑی کو ہرا کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ کراٹےٹیم کاتا میں بھی پاکستانی کراٹے ٹیم فاتح رہی۔سری لنکا کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی بنگلا دیشی کھلاڑی تیسرے نمبر پر رہا۔ کراٹے کے پچپن کلو گرام ویٹ کیٹگری کے مقابلے میں بھی پاکستانی کھلاڑی نے اپنے حریف بنگلادیش کے عبدالمنان کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ آج کے دن کا ایک اور اہم مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا فٹ بال میچ تھا۔راولپنڈی کے آرمی سٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کو دیکھنے کے لیے کافی لوگ موجود تھے۔ اگرچہ یہ میچ پول میچ تھا تاہم یہ دونوں ٹیموں کے لیے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں خاصی اہمیت کا حامل تھا۔اس میچ میں دونوں ٹیموں نے خاصی محنت کی اور لوگوں کو خاصا کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا لیکن بھارت کی ٹیم یہ اہم فٹبال میچ صفر کے مقابلے ایک گول سے جیت گئی۔ وولی بال کے پول میچز میں بھارت نے افغانستان کو صفر کے مقابلے تین سیٹ سے شکست دی۔ بنگلادیش نے مالدیپ کو ایک کے مقابلے تین سیٹس سے ہرایا بیڈمنٹن کے مردوں کے مقابلوں میں ٹیم ایونٹ کے کواٹر فائنل میں نیپال نے بنگلادیش کو ہرایا۔ اسی میں پاکستان نے سری لنکا کو تین دو سے شکست دی۔ تیس مارچ کے مقابلوں کے نتائج کے مطابق بھارت مجموعی طور پر سات میڈلز حاصل کر چکا ہے جن میں پانچ گولڈ، ایک سلور اور ایک برونز میڈل شامل ہے۔ پاکستان نے تین گولڈ ایک سلور اور چار برونز میڈلز کے ساتھ آٹھ میڈلز اپنی جھولی میں ڈالے ہیں۔ بنگلادیش نے بھی مجموعی طور پر آٹھ میڈلز حاصل کیے جن میں ایک گولڈ پانچ سلور اور ایک برونز میڈل شامل ہے۔ سری لنکا نے تین طمغے جاصل کیے جن میں دو چاندی کے اور ایک کانسی کا تمغہ تھا۔
نیپال نے تین میڈل لیے جو تینوں کانسی کے تھے۔ سیف گیمز میں پہلی بار شریک افغانستان نے بھی ایک کانسی کا تمغہ جیتا جو کہ اس نے نشانہ بازی میں حاصل کیا۔بھوٹان اور مالدیپ ابھی تک کوئی میڈل حاصل نہیں کر سکے۔ آج کے نتائج کے بعد حکومت پاکستان سینتیس لاکھ روپے کی دین دار ہو گئی ہے کیونکہ پاکستان کے وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی نے اعلان کیا تھا کہ سیف گیمز میں ہر گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑی کو دس لاکھ، سلور میڈل حاصل کرنے والے کو پانچ لاکھ اور برونز میڈل حاصل کرنے والے کو پچاس ہزار روپے انعام میں دیے جائیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||