سیف گیمز: انڈیااور پاکستان مقابل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جمعرات کو بھی پاکستان کے کشتی رانوں نے گزشتہ روز کی طرح پاکستان کو دن کے آغاز پر طلائی تمغے کا تحفہ دیا۔پاکستان کے کشتی ران محمد اکرم نے سنگل سکل لائٹ ویٹ میں مقررہ دو ہزار میڑکا فاصلہ آٹھ منٹ نو اعشاریہ پچیس سیکنڈ میں طے کیا۔ محمد اکرم نے بدھ کو سنگل سکل اوپن ویٹ میں بھی گولڈ میڈل لیا تھا۔ روئنگ کا کھیل پہلی بار سیف گیمز میں شامل کیا گیا ہے اس کے مقابلوں میں مجموعی طور پر سات طرح کی کشتی رانی ہوئی۔ پاکستان نےروئنگ کے سات گولڈ میڈلز میں سے چھ گولڈ اور ایک سلور میڈل حاصل کیا۔ روئنگ کا ساتواں گولڈ میڈل بھارتی کشتی رانوں نے جیتا۔ بھارت کے جینل کرشنن اور اندر پال سنگھ نے کاکس لیس پئر ایم ٹو میں پاکستانی کشتی رانوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ بھارت نے کشتی رانی کے ان مقابلوں میں دو کیٹیگریز میں حصہ لیا۔ پاکستانی کشتی رانوں نے روئنگ میں چھ گولڈ میڈل حاصل کر کے روئنگ کو سیف گیمز میں شامل کرنے کے پاکستانی فیصلے کو صحیح ثابت کر دیا۔ سوئمنگ مقابلوں کے تیسرے روز بھی پہلے دو دنوں کی طرح بھارتی تیراکوں نے باقی شریک ممالک کے تیراکوں کو دبائے رکھا۔ پندرہ سو میڑ فری سٹائل میں بھارتی تیراک مندر دیوس نے گولڈ میڈل کے ساتھ نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ پندرہ سو میڑ میں چاندی اور کانسی کے طمغے پاکستانی تیراکوں ممتاز احمد اور محبوب علی نے حاصل کیے۔
بھارت کے تیراکوں نے چار ضرب سو میڈلے ریلے میں بھی نیا ریکارڈ قائم کیا۔ بھارتی تیراکوں کی ٹیم نے یہ فاصلہ چار منٹ تین اعشاریہ پچاسی سیکنڈ میں طے کیا۔ چارسو میڑ انفرادی میڈلے میں سترہ سالہ بھارتی تیراک ریحان پونچا نے دوسرے نمبر پر رہنے والے پاکستانی تیراک ذوالفقار علی کو دس سیکنڈ کے فرق سے ہرایا۔ بھارتی تیراک ارون وینکٹ رام نےپچاس میڑ بیک سٹروک میں اٹھائیس اعشاریہ انسٹھ سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ کراٹے میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پینسٹھ کلوگرام سے کم ویٹ کیٹیگری میں پاکستان کے عبدالرزاق نے نیپال کے کوشل شریستھا کو ہرا کر گولڈ میڈل جیتا۔ پچھتر کلوگرام سے کم ویٹ کیٹیگری میں پاکستان کے ہمایوں مصطفی نے سری لنکن کھلاڑی کو شکست سے دوچار کر کے کراٹے میں ایک اور گولڈ میڈل پاکستان کی جھولی میں ڈالا۔ بھارتی نشانہ بازوں نے چھ طلائی تمغے جیتے۔ نشانہ بازی میں تین کیٹیگریز میں انفرادی اور ٹیم ایونٹ ہوئے۔ ٹریپ ٹیم ایونٹ میں بھارت نے گولڈ پاکستان نے سلور اور بنگلہ دیش نے برونز میڈل حاصل کیا۔ ٹریپ انفرادی مقابلے میں بھارت کے زوراور سنگھ نے طلائی پاکستان کے شہزاد نور نے چاندی اور بھارت ہی کے برندیپ سودھی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ نشانہ بازی میں پچیس میڑ ریپڈ فائر پسٹل کے ٹیم ایونٹ میں بھارت پہلے پاکستان دوسرے اور سری لنکا تیسرے نمبر پر رہا۔اسمیں انفرادی مقابلہ بھارت کے رانا جسپال نے جیتا۔ پاکستان کے خان افسر اور علی زاہد دوسرے اور تیسرے نمبر پررہے۔ پچاس میڑ سمال بور فری رائفل انفرادی مقابلے میں بھارت کے سنجیو راجپوت نےگولڈ میڈل جیتا جبکہ اس کے ٹیم ایونٹ میں بھی بھارت ہی نے طلائی تمغہ حاصل کیا بنگلا دیش کو چاندی اور پاکستان کو کانسی کا تمغہ ملا۔ بیڈ منٹن میں مردوں کے ٹیم ایونٹ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان تھا تین میچز بھارت نے جیتے اور دو پاکستان نے اور یوں یہ گولڈ بھی بھارت ہی لے گیا۔ ٹیبل ٹینس میں خواتین کے ٹیم ایونٹ کے فائنل میں بھارتی خواتین نے پاکستانی خواتین کو تین صفر سے ہرا کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔
ویٹ لفٹنگ میں آج دو ویٹ کیٹیگریز میں فائنل ہوئے۔چھپن کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں بھارت کے بٹّا وکی نے طلائی تمغہ لیا۔ پاکستان کے اشتیاق غفور نے چاندی اور بنگلادیش کے اکرام الحق نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ باسٹھ کلوگرام میں پاکستانی ویٹ لفٹر اکبر علی بازی جیت گئے۔ فٹ بال کے پول میچز میں پاکستان کا آج ایک اہم مقابلہ بنگلہ دیش کے ساتھ تھا کیونکہ اس میچ میں ہار جیت سے ہی فیصلہ ہونا تھا کہ پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے یا نہیں۔یہ میچ پاکستان نے بہت سخت مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے ایک گول سے جیت لیا۔ سکواش میں مردوں اور خواتین دونوں کے سیمی فائنل ہوئے۔ پاکستان کے شاہد زمان نے بھارت کے رت وک بھٹاچاریہ کو تین صفر سے ہرایا۔مردوں کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کے منصور زمان نے بھارت کے سرو گھوسل کو شکست دی۔ دوسری جانب بھارتی خواتین نے دونوں سیمی فائنل میں پاکستانی خواتین کو ہرا دیا۔ وولی بال میں ابھی پول میچز جاری ہیں۔ پاکستان نے سری لنکا کو تین صفر سے ہرایا۔ بھارت نے بنگلا دیش کو تین صفر سے شکست دی۔وولی بال کے آج کے تیسرے مقابلے میں مال دیپ نے افغانستان کو ہرایا۔ کبڈی میں پاکستان نے نیپال کو اور بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست سے دو چار کیا۔ یکم اپریل کے تمام مقابلوں کے بعد میڈل ٹیلی کچھ یوں ہے۔ بھارت نے ستائیس گولڈ میڈلز چھ سلور اور چار برونز میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر سینتیس میڈل حاصل کیے۔ویسے تو بھارت ریسلنگ میں ایک سو بیس ویٹ کیٹیگری میں بھی گولڈ میڈل جیت چکا ہے تاہم اسکا سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا۔ بنگلہ دیش دو گولڈ آٹھ سلور اور گیارہ برونز کے ساتھ اکیس میڈلز لے چکا ہے۔سری لنکا نے ایک گولڈ بارہ سلور اور گیارہ برونز کے ساتھ چوبیس میڈل اپنی جھولی میں ڈالے۔
نیپال ایک گولڈ کے ساتھ دس میڈل لے چکا ہے۔ پہلی بار سیف گیمز کھیلنے والا ملک افغانستان گو کہ سونے کا تو کوئی تمغہ نہیں لے سکا تاہم دس برونز اور ایک سلور کے ساتھ گیارہ میڈل تو جیت ہی چکا ہے ۔ جمعرات کو ساؤتھ ایشین سپورٹس فیڈریشن کا بھی ایک اہم اجلاس ہوا جس میں متفقہ طور پر ساؤتھ ایشین سپورٹس فیڈریشن کا نام تبدیل کر کے ساؤتھ ایشین اولمپک کونسل رکھ دیا گیا ہے اور اب اگلے یعنی دسویں سیف گیمز نئے نام کے ساؤتھ ایشین اولمپک کونسل گیمز سے 2005 میں سری لنکا کے دار الحکومت کولمبو میں ہوں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||