| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
سچن کی جگہ راہول دیوتا
بھارت میں ہفتے کو شائع ہونے والے ایک ہفتہ وار جریدے میں بیٹسمین راہول ڈراویڈ کو فتح میں اپنے بازو بلند کئے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اس پر صرف ایک لفظ کی سرخی تحریر ہے ’خدا‘۔ جریدے نے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ بھارت میں کرکٹ سے والہانہ لگاؤ رکھنے والے شائقین تیزی سے یہ بات تسلیم کرنے لگے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ کے حوالے سے دنیا میں صف اوّل کے بیٹسمین مانے جانے والے سچن تنڈولکر، اب نہ صرف دنیا بلکہ بھارتی ٹیم کے بھی بہترین بلے بازوں میں شمار نہیں ہوتے۔ اس کی تصدیق عالمی سطح پر ٹیسٹ میچوں کی رینکنگ کے تازہ اعداد و شمار سے بھی ہوتی ہے۔ ایک عشرہ قبل دنیا میں پہلے دس بلے بازوں کے انتخاب کے آغاز کے بعد اب پہلی بار تنڈولکر اس فہرست سے باہر ہو گئے ہیں۔
جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں بالترتیب ویسٹ انڈیز کے کپتان برائن لارا اور بھارت کے راہول ڈراویڈ کی ڈبل سنچریوں نے ان دونوں کو دس بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔ جبکہ انیس سو نواسی میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز کرنے والے سولہ سالہ تنڈولکر، جنہوں نے اگلے ہی برس اولڈ ٹریفرڈ میں اپنی پہلی سنچری بھی بنائی تھی، اب عالمی فہرست میں چودہ نمبر پر ہیں۔ تنڈولکر نے مجموعی طور پر ایک سو نو ٹیسٹ میچوں میں پچپن اعشارہ سات کی اوسط سے رن بنائے ہیں۔ تنڈولکر کے رن بنانے کی یہ اوسط ان کے ہم عصر بلے بازوں میں سب سے زیادہ ہے۔ یہاں اہم بات یہ ہے کہ نومبر سے اب تک تنڈولکر نے چھ میچ کھیلے ہیں اور ایک بھی سنچری نہیں بناپائے ہیں۔ اس کے برعکس راہول ڈراویڈ گزشتہ دو برس کے دوران روز بروز مضبوط سے مضبوط تر ہوتے دکھائی دیئے ہیں۔
یکم جنوری سن دو ہزار دو کے بعد بیس ٹیسٹ میچوں میں انہتر اعشاریہ باسٹھ کی اوسط سے راہول ڈراویڈ نے اب تک دو ہزار انیس رن بنائے ہیں جس میں سات سنچریاں بھی شامل ہیں۔ ان سات سنچریوں میں تین ڈبل سنچریاں بھی ہیں۔ جبکہ اسی عرصے کے دوران بیس ٹیسٹ میچوں میں تنڈولکر چھیالیس اعشاریہ اکیانوے کی اوسط سے پندرہ سو ایک رن بنا کر، ڈراویڈ سے کہیں پیچھے دکھائی دیتے ہیں اور تنڈولکر نے سنچریاں بھی صرف چار ہی بنائی ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں تنڈولکر کی کارکردگی خاصی متاثر ہوئی ہے لیکن ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ان کا طرہ اب بھی برقرار ہے۔ ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں تنڈولکر اب تک سب سے زیداہ رن بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے ون ڈے میچوں میں مجموعی طور پر بارہ ہزار چھ سو پچاسی رن بنائے ہیں جن میں چھتیس سنچریاں بھی شامل ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||