| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی کھلاڑی مقابلےسے باہر
عالمی اوپن سکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کی امید کا آخری چراغ بھی گل ہو گيااور ارشد اقبال برکی ایک انتہائی سخت مقابلے کے بعد ہالینڈ کے ٹونی برڈن سے دو کے مقابلے تین سیٹ سے ہار گئے۔ ارشد نے پہلے دو گيمز میں برتری حاصل کر لی لیکن آخری تین سیٹ میں ان کے حریف سٹیمنے میں ان سے بہت بہتر نظر آئے اور سٹمنا کی اسی بنا پر ٹومی برڈن نے اگلی تینوں گیمز ارشد سے جیت لیں گو کہ ان گیمز میں ارشد نے خوب مقابلہ کیا جس کی وجہ سے یہ میچ کافی دیر چلا۔ یہ میچ اب تک ٹورنامنٹ کا طویل ترین میچ تھا جو کہ ایک گھنٹہ اور چھيالیس منٹ جاری رہا۔ عالمی نمبر آٹھ ملائیشیا کے اونگ بینگ ہی عالمی نمبر اکیس برطانیہ کے نک میتھیو سے دو کے مقابلے تین گیمز سے ہار گئے اور اسطرح وہ بھی عالمی نمبر ایک کی طرح چیمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ سے ہی باہر ہو گئے۔ عالمی نمبر دو اور اسوقت چیمپئن شپ میں جیت کے لیے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سے ایک سکاٹ لینڈ کے جون وائٹ کا میچ ان کے لیے خاصا آسان تھا کیونکہ ان کا مقابلہ عالمی نمبر 74 سے تھا جو جون نے بڑی آسانی سے تین سٹریٹ گیمز سے جیت لیا۔ ان کے علاوہ برطانیہ کے لی بچل نے اسپین کے بورجا گولان کو تین سٹریٹ گیمز میں ہرایا۔ عالمی نمبر 29 برطانیہ کے نک ٹیلر نے بھی ایک اپ سیٹ کیا انہوں نے عالمی نمبر 13 کینڈا کے گراہم رائڈنگ کو باآسانی تین سٹریٹ گيمز میں ہرا دیا۔آسٹریلیا کے جوزف نیپ نے ویلز کے ایلکس گوف کو ہرایا۔ مصری کھلاڑی عمر البرولوسی عالمی نمبر پانچ فرانس کے تھیاری لنکو سے ایک تک طرفہ میچ میں ہار گئے۔ کل سے چمپئن شپ پری کواٹر فائنل مرحلے میں داخل ہو رہی ہے تاہم اب اس میں کوئی پاکستانی چہرہ نہیں ہوگا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||