| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
پولو: پاکستان نے بھارت کو ہرا دیا
پاکستان نے بھارت کو ہرا کر عالمی کپ پولو کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پاکستان کی پولو ٹیم نے ایک انتہائی پرجوش، سنسنی خیز اور سخت ترین مقابلے کے بعد بھارت کی پولو ٹیم کو نو کے مقابلے دس گولوں سے شکست دی۔میچ کا فیصلہ گولڈن گول پر ہوا۔ پندرہ ہزار پولو کے شائقین کی پر جوش تالیوں میں بھارت اور پاکستان کی پولو ٹیموں نےبہت زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے آغاز میں بھارت کی ٹیم نے دو گولوں سے برتری حاصل کر لی تاہم جلد ہی پاکستان نے یہ قرض اتار دیا اور سکور برابر کر دیا۔ دوسرے چکر میں بھارت کی ٹیم کے کھلاڑی روی راٹھور نے گول کر کے سکور دو تین کر دیا۔ مگر پھر پاکستان ٹیم کے کپتان قبلاء عالم نے یکے بعد دیگرے تین گول کر کے پاکستان کے حق میں سکور پانچ تین کر دیا۔ تیسرے چکر کے خاتمے تک پاکستان چار کے مقابلے چھ گول سے آگے تھا۔تاہم جلد ہی بھارت نے یہ گول اتار دیا۔ پھر جو ٹیم گول کرتی دوسری ٹیم بدلہ چکا دیتی ۔کھیل کے آخری اور پانچویں چکر میں بھارت ایک گول سے آگے تھا لیکن پاکستان نے نہ صرف یہ گول اتارا بلکہ ایک گول مزید کر کے سکور اپنے حق میں آٹھ نو کر لیا۔ لیکن کہا جاتا ہے کہ جب تک آخری گھنٹی نہ بج جائے کچھ بھی ہو سکتا ہے اور بھارتی ٹیم نے بھی ہار نہ مانی اور میچ ختم ہونے سے صرف تیس سیکنڈ پہلے گول برابر کر دیا۔ اب فیصلہ گولڈن گول پر ہونا ٹھہرا۔ جب چھٹا یعنی اضافی چکر شروع ہوا تو پولو سٹیڈیم میں موجود ہر تماشائی دم سادھے ہوئے تھا مگر پاکستانی ٹیم کے سب سے نوجوان کھلاڑی حسام علی حیدر نے چکر شروع ہوتے ہی پہلے ہی سیکنڈ میں چیتے کی پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند پر قابو پایا اور گھوڑا دوڑا دیا۔ اس کا ساتھ دیا ٹیم کے کپتان قبلاء عالم نے اس کے ساتھ گھوڑا دوڑایا اور حسام کے پاس پر گولڈن گول کر دیا اور لاہور پولو کلب تالیوں کی آواز سے گونج اٹھا۔ پاکستانی کھلاڑی عالمی کپ کے لیے اپنی نشست پکی ہونے پر بہت شاداں تھے۔ قبلاء عالم نے کہا کہ اس کی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے آج بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا انہوں نے کہا کہ کل ہم نے آسٹریلیا کے ہاتھوں ہونے والی شکست سے بہت کچھ سیکھا اور آج اس کا فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اس جیت کے پیچھے قسمت سے زیادہ ہماری سخت محنت کا بھی ہاتھ تھا۔ بھارتی کپتان سمیر سہاگ نے کہا کہ عالمی کپ کے لیے کوالیفائی نہ کر سکنے پر وہ مایوس تو ہیں مگر ہار جیت کھیل کا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم بہت اچھا کھیلی مگر آسٹریلیا کے ساتھ میچ کی طرح اس میچ میں بھی قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ سمیر سہاگ نے تماشائیوں کی جانب سے ملنے والی سپورٹ کی بے حد تعریف کی۔سمیر سہاگ کو مین آف دی میچ اور مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ بھارت اور پاکستان کے میچ کے بارے میں آسٹریلیا کے کپتان کا کہنا تھا کہ اتنا پر جوش اور زبردست مقابلہ انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ آسٹریلیا نے آج ہونے والے پہلے میچ میں سنگاپور کو ساڑھے چار کے مقابلے میں گیارہ گول سے شکست دی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||