| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
لاہور کے کھلاڑی ہندوستان روانہ
لاہور سے ایک مقامی یونیورسٹی کے آٹھ طلباء خیرسگالی کے دورے پر منگل کے روز ہندوستان روانہ ہوگۓ ہیں جہاں وہ واٹر پولو کے میچ کھیلیں گے۔ لاہور یونیورسٹی آف مینجمینٹ سائنسز (لمس) میں بی ایس آنرز کے آٹھ طالبعلموں کے رہنما فاران احمد عرفان نے واہگہ روانگی سے پہلے بی بی سی کو بتایا کہ وہ پیدل چل کر واہگہ کی سرحد پار کریں گے اور امرتسر سے ریل گاڑی پر بمبئی روانہ ہوں گے۔ آٹھوں طلباء کو ہندوستان میں بمبئی، پونا، گوا، ناسک، دلی اور آگرہ کے شہروں میں جانے کا پندرہ روز کا ویزہ دیا گیا ہے۔ یہ طلباء وہاں ہندوستان کے کالجوں کے کھلاڑیوں سے واٹر پولو کے میچ کھیلیں گے۔ فاران نے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ ہندوستان جا کر کھیلیں اس لیے ہم نے پاک انڈیا عوامی فورم براۓ امن و جمہوریت کے ڈاکٹر مبشر حسن سے رابطہ کیا جنھوں نے ہمارے ہندوستان کے اس دورے کا انتظام کیا۔ فورم کی ہندوستان کی شاخ وہاں پر ان کھلاڑیوں کی میزبان ہوگی۔ ڈاکٹر مبشر حسن نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے ان طلبا کو ہندوستان جانے کی اجازت دے کر اور ہندوستان کی حکومت نے ویزا دے کر بہت مہربانی کی کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان عوامی سطح پر خیرسگالی بڑھے گی۔ ایک طالبعلم علی عنایت نے کہا کہ وہ دیکھنا چاہتے تھے کہ ہندوستان کیسا ہے ’جس کے بارے میں ہم اتنا بہت کچھ سننتے رہتے ہیں‘۔ وفد کے ایک اور رکن ارسلان محی الدین نے کہا ’ہم وہاں پولو کھیلنے کے علاوہ تاریخی مقامات دیکھنا چاہیں گے اور لوگوں سے بات چیت کرنا چاہیں گے اور بمبئی کے علاوہ آگرہ اور دلی کی سیر کریں گے‘۔ وفد میں فاران احمد، حسن سندیلا، ارسلان محی الدین، تنزیل الرحمان، کاشف طاہر، عثمان احتشام ، محسن عقیل اور علی عنایت شامل ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||