| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
پولو کے مقابلے پاکستان میں
پاکستان پولو ایسوسی ایشن پاکستان میں عالمی کپ پولو کے کوالیفائنگ مقابلے منعقد کرا رہا ہے۔ یہ پولو میچز اس سال چھ دسمبر سے چودہ دسمبر تک لاہور کے پولو کلب میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان پولو ایسوسی ایشن، پہلی مرتبہ پولو کی بین الاقوامی ایسوسی ایشن کو یہ باور کرانے میں کامیاب ہوگئی ہے کہ پاکستان اتنے بڑے اور اہم ٹورنامنٹ کو منعقد کرانے کی اہلیت رکھتا ہے۔ پولو کے کھیل کا اہم جز گھوڑا ہے اور اس کا ایک چھوٹا سا ٹورنامنٹ کرانے کے لیے بھی کافی تعداد میں گھوڑوں کی ضرورت ہوتی ہے اس لیے یہ ممکن نہیں کہ عالمی کپ جیسا بڑا ٹورنامنٹ جس میں بیس ٹیمیں حصہ لیتی ہیں ایک ہی جگہ منعقد کیا جا سکے۔ اسی وجہ سے عالمی کپ پولو کو چار زونز میں تقسیم کر دیا جاتا ہے اور ہر زون کے ممالک آپس میں عالمی کپ کا کوالیفائنگ کھیلتے ہیں اور ہر زون سے فاتح ٹیم عالمی کپ کی میزبان ٹیم اور موجودہ عالمی چیمپئن کے ساتھ یعنی چھ ٹیمیں عالمی کپ کا فائنل راؤنڈ کھیلتی ہیں اور اس بار یہ فائنل راؤنڈ فرانس میں ہو رہا ہے۔ ان زون کے نام اے ، بی، سی اور ڈی ہیں۔پاکستان زون ڈی جو کہ ایشیا افریقہ اور اوشینیا کے ممالک پر مشتمل ہے کے مقابلوں کی میزبانی کر رہا ہے۔اس زون کے لیے پاکستان کے علاوہ بھارت، ایران، سنگا پور اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے کوالیفائی کیا ہے۔اور چاروں ٹیموں نے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ پاکستان پولو ایسوسی ایشن کے صدر اورعالمی کپ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل عارف حسن نے بتایا کہ کسی ملک نے بھی سیکورٹی کے نقطہء نگاہ سے کسی تشویش کا اظہار نہیں کیا۔ لیفٹننٹ جنرل عارف حسن کے بقول اس ٹورنامنٹ پر تین کروڑ پچاس روپے کے اخراجات آئیں گے اور یہ تمام رقم سپونسر شپ سے حاصل کی جائے گي۔انہوں نے کہا کہ وہ اس ٹورنامنٹ کو یادگار بنانا چاھتے ہیں۔اس موقع پر دنیا کی ان نامور شخصیات کو مدعو کریں گے جو کہ پولو کے کھیل سے شغف رکھتے ہیں ان میں پرنس کریم آغا خان، پرنس چارلس، اردن کے پرنس حسن کے علاوہ کچھ ممالک کے صدور کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کے لیۓ ایک سو پچاس گھوڑوں کا انتظام کیا گیا ہے ایک سو گھوڑے پاکستان آرمی مہیا کرے گی جبکہ پچاس گھوڑے لاہور پولو کلب کے ممبران دیں گے۔ گھوڑے فراہم کرنے کی ذمہ دار کمیٹی کے صدر میجر جنرل شکیل ترمزی کا کہنا ہے کہ چار سو گھوڑوں میں سے ان گھوڑوں کا انتخاب کیا گیا اور اب ان کی تربیت کی جا رہی ہے انہوں نے بتایا کہ ان گھوڑوں کا معیار کسی طرح سے عالمی معیار سے کم نہیں ہو گا۔ میڈیا، مارکیٹنگ اور ایونٹ کمیٹی کے صدر عاشق حسین قریشی نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کی افتتاحی اور اختتامی تقاریب جو کہ لاہور پولو کلب میں ہوں گی انہیں بہت شاندار طریقے سے آرگنائز کیا جائے گا اور اس کے لیے لاہور پولو کلب میں آٹھ ہزار نشستوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے وہاں صرف ایک ہزار نشستیں تھیں۔ چودہ ہینڈی کیپ والے اس عالمی کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پاکستان کے دس بہترین پولو کے کھلاڑیوں کا کیمپ لگایا گیا ہے۔ان کھلاڑیوں کے نام ہیں ملک عاطف یار ٹوانہ،شاہ شامیل عالم،خورشید احمد،حامد علی،برگیڈیر اسفندیار پٹودی،شاہ قبلاء عالم، حسام علی حیدر، سمیع اللہ، احمد خان اور ارسلان نجیب ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے آٹھ ہینڈی کیپ رکھنے والے بین الاقوامی پولو کھلاڑی پوجر ال آفندی کو کوچ مقرر کیا گیا ہے ۔جن کا کہنا ہے کہ پولو بہت مشکل کھیل ہے مگرہمارے کھلاڑیوں میں اچھی کارکردگی دکھانے کی اہلیت ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||