انگلینڈ نے پاکستان کو چار وکٹوں سے شکست دے دی

،تصویر کا ذریعہAFP

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پاکستان 49.5 اوورز میں 251 رنز سکور کیے۔

جواب میں انگلینڈ نے مقررہ ہدف 47.3 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

٭ <link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90219" platform="highweb"/></link>

انگلینڈ کو پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں پاکستان پر دو صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters

پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب تھرڈ امپائر نے ایک متنازع فیصلے میں سمیع اسلم کو آؤٹ قرار دے دیا۔ سمیع اسلم نے کرس ووکس کی اٹھتی ہوئی گیند پر شاٹ کھیلنے کی کوشش کی تو گیند کیپر کے گلوز میں گئی۔ انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے کیچ آؤٹ کی اپیل کی جسے فیلڈ امپائر نے رد کردیا تو انگلش کپتان نے ریویو لیا۔

تھرڈ امپائر نے ہاٹ سپاٹ پر کوئی نشان نظر نہ آنے کے باوجود ’سنیکو‘ کی ہلکی آواز پر سمیع اسلم کو آؤٹ قرار دیا۔ سابق انگلش کپتان مائیک آتھرٹن اور ناصر حسین تھرڈ امپائر کے فیصلے کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہ تو ہاٹ سپاٹ پر کوئی نشان نظر آیا ہے اور نہ ہی گیند کی ڈائریکشن تبدیل ہوئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہGetty

لیکن اس کے بعد شرجیل خان اور کپتان اظہر علی خوبصورت گیندوں پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کو مشکل آغاز سے نکالنے والے بابر اعظم اور سرفراز احمد تھے جنھوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 63 گیندوں میں 64 رنز سکور کیے۔ یہ دونوں ایسے وقت میں بیٹنگ کرنے آئے جب دو رنز پر پاکستان کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

شعیب ملک 35 گیندوں میں 28 رنز بنا کر وُڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

عماد وسیم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز سکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے شاندار بیٹنگ کی اور 107 گیندوں میں 89 رنز سکور کیے۔

انگلینڈ کو دوسری ہی گیند پر اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب محمد عامر نے روئے کو بولڈ کیا۔

پاکستان کو دوسری کامیابی اس وقت ملی جب عماد وسیم نے ہیلز کو بولڈ کیا۔ ہیلز صرف 14 رنز سکور کر سکے۔

روٹ اور مورگن پراعتماد بیٹنگ کر رہے ہیں اور دونوں نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں ایک سو سے زیادہ رنز بنائے۔

پاکستان کو تیسری کامیابی اعماد وسیم نے دلوائی جب انھوں نے مورگن کو 68 کے انفرادی سکور پر بولڈ کیا۔ اعماد کی یہ دوسری وکٹ ہے۔

پاکستان کی جانب سے 35 واں اوور کرانے حسن علی کرانے آئے تو دوسری گیند پر سٹوکس نے سلپ میں کیچ دیا لیکن کیچ چھوڑ دیا گیا۔

حسن علی نے اپنی پہلی وکٹ 38 ویں اوور میں لی جب انھوں نے سٹوکس کو بولڈ کیا۔ سٹوکس نے 30 گیندوں میں 42 رنز بنائے تھے۔

،تصویر کا ذریعہReuters

انگلینڈ کی پانچویں وکٹ 41 ویں اوور میں گری جب بٹلر چار رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

وہاب ریاض نے انگلینڈ کے جمے ہوئے کھلاڑی جو روٹ کو آؤٹ کیا۔ روٹ نے 107 گیندوں میں 89 رنز سکور کیے۔

پاکستان کے لیے انگلینڈ کے خلاف یہ ون ڈے سیریز واضح فرق سے جیتنا نہایت ضروری تھا کیونکہ اب اس کے سر پر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کی تلوار لٹکتی رہے گی۔

،تصویر کا ذریعہGetty

پاکستان کی ٹیم اس وقت ون ڈے کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں نویں نمبر پر ہے اور ابتدائی آٹھ ٹیمیں ہیں ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرتی ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین اب تک 77 ون ڈے میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 46 انگلینڈ نے جبکہ 29 پاکستان نے جیتے ہیں جبکہ دو بےنتیجہ رہے۔