بارش سے متاثرہ میچ میں انگلینڈ 44 رنز سے فاتح

پاکستان کو پہلی کامیابی عمر گل نے دلائی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنپاکستان کو پہلی کامیابی عمر گل نے دلائی

ساؤتھمپٹن میں سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں بارش کے بعد انگلینڈ ڈک ورتھ لوئس فارمولے کے تحت 44 رنز سے جیت گیا ہے۔

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے انگلینڈ کو 261 رنز کا ہدف دیا جس نے تین وکٹوں کے نقصان پر193 رنز بنائے تو بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔

٭ <link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90218" platform="highweb"/></link>

دوسری اننگز کو بارش کی وجہ سے 48 اوورز تک محدود کر دیا گیا جس کے تحت انگلینڈ کو 13.3 اوورز میں جیتنے کے لیے 58 رنز درکار تھے تاہم میچ دوبارہ شروع نہیں ہو سکا اور انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس فارمولے کے تحت 44 رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔

اس سے پہلے پاکستان کو پہلی کامیابی عمر گل نے ہیلز کو سات رنز پر آؤٹ کر کے دلائی جو سلپ میں محمد حفیظ کو کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد جیسن روائے اور روٹ کے درمیان عمدہ شراکت داری کا اختتام روئے کے کیچ آؤٹ ہونے پر ہوا۔

محمد نواز کی گیند پر روائے کا زبردست کیچ باؤنڈری پر بابر اعظم نے پکڑا۔ پاکستان کو کافی انتظار کے بعد تیسری وکٹ روٹ کی ملی جو 61 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اووروں میں 260 رنز بنائے ہیں۔

ہیلز کے آؤٹ ہونے کے بعد روئے اور روٹ نے عمدہ بلے بازی کی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنہیلز کے آؤٹ ہونے کے بعد روئے اور روٹ نے عمدہ بلے بازی کی

پاکستان کی جانب سے اظہر علی 82 رنز بنا کر سب سے کامیاب بیٹسمین رہے۔ سرفراز احمد 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی بڑا سکور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

ماہرین پاکستان کے سکور کو جیت کے لیے ناکافی قرار دے رہے ہیں۔ انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے پاکستانی ہدف پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم بہت عمدہ ہے لیکن پاکستان کی ون ڈے ٹیم ابھی’پرانی کرکٹ‘ کھیل رہی ہے۔ انھوں نےکہا کہ شارٹ فارمیٹ میں کرکٹ بہت بدل چکی ہے ۔

پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب اوپنر شرجیل خان 16 رنز بنا کر فاسٹ بولر مارک ووڈ کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ہیں۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جو جو روٹ کی گیند پر سوئپ شاٹ کھیلتے ہوئے ایلکس ہیلز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبابر اعظم 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

بابر اعظم نے کریز پر پہنچ کر پاکستانی اننگز کو تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا اور چالیس رنز بنا لیگ سپنر عادل رشید کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

سرفراز احمد نے 55 رنز بنا کر پاکستان کے سکور کو آگے بڑھایا لیکن جب میچ بارش کی وجہ سے تھوڑی دیر کے لیے رکا تو پاکستان نے دوبارہ اننگز شروع کی لیکن پاکستانی بیٹسمین ایسی روانی سے بیٹنگ نہ کر سکے جیسے وہ میچ رکنے سے پہلے کر رہے تھے۔

شعیب ملک اور سرفراز احمد کے یکے بعد دیگرے آؤٹ ہونےکے بعد عماد وسیم اور محمد نواز میچ کے اختتام تک کریز پر موجود رہے۔

ساؤتھمپٹن میں بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں آئرلینڈ کے خلاف فتح حاصل کرنے والی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور فاسٹ بولر وہاب ریاض کو حسن علی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اظہر علی 110 گیندوں پر 82 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناظہر علی 110 گیندوں پر 82 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے

پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ یہ میچ بھی نہیں کھیل رہے ہیں۔

انگلش ٹیم میں آل راؤنڈر بین سٹوکس کی واپسی ہوئی ہے جو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں زخمی ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے لیے انگلینڈ کے خلاف یہ ون ڈے سیریز واضح فرق سے جیتنا نہایت ضروری ہے۔

ایسا نہ ہونے کی صورت میں اس کے سر پر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کی تلوار لٹکتی رہے گی۔

پاکستان کی ٹیم اس وقت ون ڈے کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں نویں نمبر پر ہے اور ابتدائی آٹھ ٹیمیں ہیں ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرتی ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین اب تک 77 ون ڈے میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 46 انگلینڈ نے جبکہ 29 پاکستان نے جیتے ہیں جبکہ دو بےنتیجہ رہے۔

انگلینڈ کی ٹیم: ایلکس ہیلز، جیسن روائے، جو روٹ، ایئن مورگن، بین سٹوکس، جوس بٹلر، معین علی، کرس ووکس، عادل رشید، لیئم پلنکٹ اور مارکس ووڈ۔

پاکستانی کی ٹیم: شرجیل خان، اظہر علی، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد، محمد نواز، عماد وسیم، وہاب ریاض، عمر گل اور محمد عامر۔