کرائسٹ چرچ ٹیسٹ اور سیریز دونوں آسٹریلیا کے نام

،تصویر کا ذریعہAP
آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے میچ کے آخری دن آسٹریلیا کو فتح حاصل کرنے کے لیے مزید 131 رنز درکار تھے جو اس نے مزید دو وکٹیں گنوا کر حاصل کر لیے۔
بدھ کو آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 70 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی تو عثمان خواجہ اور جو برنز نے سکور مزید کسی نقصان کے بغیر 113 تک پہنچا دیا۔
اس موقع پر ٹم ساؤدی نے عثمان کو برینڈن میککلم کے ہاتھوں کیچ کروا کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلوا دی۔
عثمان کے پویلین لوٹنے کے بعد برنز نے سٹیون سمتھ کے ساتھ مل کر سکور آگے بڑھایا اور 66 رنز کی شراکت قائم کی۔
اس دوران برنز نے نصف سنچری بھی مکمل کی لیکن وہ 65 رنز بنانے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
تاہم اس نقصان کے بعد سمتھ اور ایڈم ووجز نے مل کر اپنی ٹیم کو فتح دلوا دی۔ سمتھ نصف سنچری بنانے کے بعد 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس فتح کے نتیجے میں آسٹریلیا ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آ گئی ہے۔
کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 370 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
اس اننگز کی خاص بات اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے برینڈن میککلم کی شاندار سنچری تھی۔ انھوں نے صرف 54 گیندوں پر یہ سنچری مکمل کر کے سر ویوین رچرڈز کا ریکارڈ توڑا تھا۔
اس کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 505 رنز بنائے تھے۔
دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ نے 335 رنز بنائے تھے اور اس طرح اسے آسٹریلیا پر مجموعی طور پر 200 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔
نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی اس سیریز کے ویلنگٹن میں کھیلے جانے والےپہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو اننگز اور 52 رنز سے شکست دی تھی۔



