برینڈن مکلم فروری میں ریٹائر ہو جائیں گے

برینڈن مکلم نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 99 ٹیسٹ میچوں میں 6,273 رنز بنائے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبرینڈن مکلم نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 99 ٹیسٹ میچوں میں 6,273 رنز بنائے ہیں

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان برینڈن مکلم فروری میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔

34 سالہ برینڈن مکلم نے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ برس فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز ان کے کریئر کی آخری سیریز ہو گی۔

واضح رہے کہ برینڈن مکلم نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 99 ٹیسٹ میچوں میں 6,273 رنز بنائے ہیں۔

وہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔

اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے منگل کو ان کا کہنا تھا ’ میں نے بلیک کیپس کے لیے کرکٹ اور کپتانی کے موقع سے پیار کیا ہے، تاہم تمام اچھی باتیں ختم ہونے کے لیے ہوتی ہیں اور میں اس خوشگوار تجربے کے لیے بہت شکر گذار ہوں۔‘

برینڈن مکلم نے نیوزی لینڈ کی جانب سے سنہ 2004 میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا۔

انھوں نے گذشتہ برس فروری میں بھارت کے خلاف اپنی پہلی ٹرپل سنچری بنائی۔

برینڈن مکلم یہ کارنامہ سر انجام دینے والے نیوزی لینڈ کے پہلے بیٹسمین تھے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے برینڈن مکلم کی قیادت میں پہلی بار ایک روزہ کرکٹ کے عالمی کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی جہاں وہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل نہ کر سکی۔

نیوزی لینڈ کے بیٹسمین کین ولیمسن بھارت میں آئندہ برس آٹھ مارچ سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئٹنی کرکٹ کے عالمی کپ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔