نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 122 رنز سے شکست دے دی

،تصویر کا ذریعہAP
نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن میزبان ٹیم نے سری لنکا کو 122 رنز کے واضح فرق سے شکست دے کر دو ميچوں کی سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل کر لی ہے۔
میچ کے آخری دن سری لنکا کو جیتنے کے لیے مزید 296 رنز درکار تھے جبکہ نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں کی ضرورت تھی۔ نیل ویگنر کی جارحانہ بولنگ نے نیوزی لینڈ کو درکار بریک تھرو دلایا جس کے بعد نیوزی لینڈ کے لیے جیت آسان ہوگئی۔
<link type="page"><caption> میچ کا تازہ سکور جاننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/ECKP90247" platform="highweb"/></link>
چوتھے دن سری لنکا کو جیت کے لیے 405 رنز کا مشکل ہدف ملا تھا لیکن اس کی پوری ٹیم 282 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ دنیش چندی مل نے سب سے زیادہ 58 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدی نے تین جبکہ ٹرینٹ بولٹ، سٹینر اور ویگنر نے دو دو وکٹیں لیں۔
اوپنر مارٹن گپٹل کو پہلی اننگزمیں سنچری سکور کرنے کے لیے مین آف دا میچ قرار دیا گيا۔
چوتھے دن بارش نے تین بار کھیل میں رکاوٹ پیدا کی اور چوتھے دن کے کھیل کے خاتمے پر سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا لیے تھے اور کریز پر دنیش چنڈی مل 31 رنز بناکر موجود تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں اوپنر مارٹن گپٹل کی شاندار سنچری (156) اور کپتان برینڈن میکلم کے تیز رفتار 75 رنز کی بدولت 431 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے نوان پردیپ نے چار جبکہ سرنگا لکمل اور دشمنتھا چمیرا نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ ایک ایک وکٹیں اینجلو میتھیوز اور سری وردھنا کے حصے میں آئیں۔
اس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 294 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی جانب سے اوپنر کرونارتنے نے 84 جبکہ دنیش چنڈی مل نے 83 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدی اور ویگنر نے تین تین وکٹیں لیں جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور مچل سانٹنر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس طرح نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 137 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی پھر اس نے دوسری اننگز میں ٹام لیتھم کی ناقابل تسخیر 109 رنز اور کین ولیمسن کے 71 رنز کی بدولت تین وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بناکر اننگز کے خاتمے کا اعلان کیا اور سری لنکا کو پانچ سیشنز میں 405 رنز کا مشکل ہدف دیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 18 دسمبر سے ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔



