تاریخ کے پہلے ڈے نائٹ میچ میں آسٹریلیا فاتح

ہیزل وڈ نے میچ میں مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کیں اور انھیں مین آف دا میچ قرار دیا گيا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنہیزل وڈ نے میچ میں مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کیں اور انھیں مین آف دا میچ قرار دیا گيا

ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے تیسرے اور تاریخی ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو تین وکٹوں سے ہرا کر دو صفر سے سیریز جیت لی ہے۔

تیسرے دن نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 187 رنز کا نسبتا آسان ہدف دیا تھا جسے آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے تین میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی۔

تاریخ کے پہلے دن اور رات کے ٹیسٹ میچ میں گلابی گیند سے کھیل ہوا اور بیٹسمین کی جگہ بولروں کا جادو سر چڑھ کر بولتا رہا۔ جب جیت کے لیے صرف 11 رنز باقی تھے تو شوان مارش 49 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے پھر جب دو رنز باقی تھے تو پہلی اننگز کے معمار پیٹر نیول دس رنز پر آؤٹ ہو گئے لیکن پیٹر سیڈل نے ساؤدی کی گیند پر دو رنز لے کر آسٹریلیا کو جیت سے ہمکنار کرا دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے سات میں سے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور بہترین فاسٹ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90188" platform="highweb"/></link>

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والا تیسرا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشننیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والا تیسرا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل

اس سے قبل دوسرے دن کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے تھے جبکہ تیسرے دن ٹیم مزید 92 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔

جواب میں آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 35 رنز بنائے تاہم تین وکٹیں جلدی جلدی گر گئیں اور ایک وقت دونوں ٹیمیں برابر نظر آ رہی تھیں لیکن پھر شوان مارش اور مچل مارش کی عمدہ بیٹنگ نے آسٹریلیا کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

آسٹریلیا کے جانب سے ہیزل وڈ نے 70 رنز کے عوض چھ وکٹ لیں جبکہ مچل مارش کو تین وکٹیں ملیں۔

اس سےقبل آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ٹیسٹ کرکٹ کی 138 سالہ تاریخ میں یہ کھیلا جانے والا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنٹیسٹ کرکٹ کی 138 سالہ تاریخ میں یہ کھیلا جانے والا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہے

آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں پیٹر نیول 66 اور کپتان سٹیون سمتھ 53 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

نیوزی لینڈ کے بولروں نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کسی بھی آسٹریلوں بلے باز کو زیادہ دیر وکٹ پر رکنے نہ دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں بریس ویل نے تین جبکہ مارک گریگ اور ٹرینٹ بولٹ نے دو، دو اور ساؤدتھی نے ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم میچ کے پہلے روز 202 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔