کرائسٹ چرچ ٹیسٹ پر آسٹریلیا گرفت مضبوط

جیکسن برڈ نے دوسری اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنجیکسن برڈ نے دوسری اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف آسٹریلیا کو فتح حاصل کرنے کے لیے مزید 131 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی نو وکٹیں ابھی باقی ہے۔

منگل کو دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر ٧٠ رنز بنائے تھے۔

آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمین وارنر تھے جو 22 رنز بنا کر وینگنر کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ برنز 27 اور عثمان خواجہ 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 335 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اس طرح اسے آسٹریلیا پر مجموعی طور پر 200 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

نیوزی لینڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اینڈرسن 50 رنز بنا کر برڈ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اسی اوور میں ساؤتھی بغیر کوئی رنز بنائے برڈ کا شکار بنے۔

اس کے بعد ولیمسن اور واٹلنگ کے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہر کیا تاہم ولیمسن اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 97 کے انفرادی سکور پر برڈ کا تیسرا شکار بنے۔

برینڈن میک کلم کا ممکنہ طور پر یہ آخری ٹیسٹ میچ ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنبرینڈن میک کلم کا ممکنہ طور پر یہ آخری ٹیسٹ میچ ہے

آٹھویں وکٹ کی شراکت میں واٹلنگ اور ہنری نے سکور میں سو سے زائد رنز کا اضافہ کیا۔ ہنری 66 اور واٹلنگ 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے برڈ نے پانچ، پیٹنسن کے چار اور ہیزلووڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 370 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 505 رنز بنائے تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے برنز 170 اور سمتھ138 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو اننگز اور 52 رنز سے شکست دی تھی