اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے نیوزی لینڈ کو مزید 201 رنز درکار

ویلنگٹن میں دوسری اننگز میں بھی برینڈن مکلم بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنویلنگٹن میں دوسری اننگز میں بھی برینڈن مکلم بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے

ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنا لیے ہیں جبکہ اب بھی وہ آسٹریلیا سے 201 رنز پیچھے ہے۔

تیسرے دن آسٹریلیا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 463 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور پوری ٹیم 562 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح اسے نیوزی لینڈ پر پہلی اننگز میں 379 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم ووگز نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں عمدہ آغاز ہوا لیکن وقفے وقفے سے وکٹ گرتے رہے اور کوئی بھی شراکت داری 100 رنز پار نہ کر سکی۔ پہلا وکٹ 81 رنزپر گرا جب مارٹن گپٹل 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ولیمسن نے 22، لیتھم نے 63 اور برینڈم مکلم نے 10 رنز بنائے جبکہ کھیل کے اختتام پر ہنری نولس 31 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے دو جبکہ مچل مارش اور ہیزل وڈ نے ایک ایک وکٹیں لیں۔

ایڈم ووگز نے 30 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 239 رنز بنائے اور وہ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنایڈم ووگز نے 30 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 239 رنز بنائے اور وہ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے

ایڈم ووگز نے 30 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 239 رنز بنائے اور وہ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدی، ٹرینٹ بولٹ، بریسویل، اینڈرس اور مارک کریک نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

کھیل کے دوسرے دن آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی خاص بات ایڈم ووجز اور عثمان خواجہ کی شاندار سنچریاں تھیں۔

ایڈم ووجز نے 26 چوکوں کی مدد سے 176 جبکہ عثمان خواجہ نے 25 چوکوں کی مدد سے 140 رنز بنائے تھے۔

اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 183 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ نیوزی لینڈ کے بیٹسمین آسٹریلوی بولروں کی تباہ کن بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں مارک کریگ نے 41 اور کوری اینڈرسن نے38 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے پانچ بیٹسمینوں کا انفرادی سکور دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکا۔

آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں ہیزل وڈ نے چار جبکہ پیٹر سڈل اور نیتھن لیون نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جمعے کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔