ویلنگٹن کا ٹی 20 اور سیریز دونوں نیوزی لینڈ کے نام

،تصویر کا ذریعہGetty
نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں پاکستان کو 95 رنز سے شکست دے کر سیریز دو ایک سے جیت لی ہے۔
ویلنگٹن کے ویسٹ پیک سٹیڈیم میں 197 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 16ویں اوور میں 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور نو کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں تک بھی نہ پہنچ سکا۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90256" platform="highweb"/></link>
سرفراز احمد نے 41 رنز کی اننگز کھیلی اور ان کے بعد دوسرا بڑا سکور شعیب ملک کا تھا جنھوں نے چھ گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے۔
شاہد آفریدی نیوزی لینڈ میں اپنی آخری اننگز کو یادگار نہ بنا سکے اور 12ویں اوور میں صرف آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کے لیے گرانٹ ایلیئٹ اور ایڈم ملن تین، تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اس سے قبل جمعے کو پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو نیوزی لینڈ کے لیے کوری اینڈرسن نے اپنے ٹی 20 کریئر کی بہترین اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 196 رنز کے سکور تک پہنچنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یہ پاکستان کے خلاف ٹی 20 کرکٹ میں تیسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
اینڈرسن 42 گیندوں پر 82 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ ٹی 20 کرکٹ میں ان کی پہلی نصف سنچری ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب دوسرے ٹی 20 میچ میں ورلڈ ریکارڈ شراکت قائم کرنے والے کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل نے ہی اننگز کا آغاز کیا تھا۔
ان دونوں بلے بازوں نے پہلے ہی اوور سے جارحانہ انداز میں بلے بازی کی اور ٹیم کو 57 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
پاکستان کو پہلی کامیابی چھٹے اوور میں اس وقت ملی جب شاہد آفریدی نے صرف 19 گیندوں پر 42 رنز بنانے والے گپٹل کو عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔
اگلے ہی اوور میں پاکستان کو ایک اور وکٹ ملی جب منرو رن آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
دوہرے نقصان کے باوجود کین ولیمسن نے جارحانہ انداز برقرار رکھا تاہم جب ان کا سکور 33 پر پہنچا تو وہاب ریاض نے انھیں کیچ کروا دیا۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئیں اور انور علی اور محمد رضوان یہ فیصلہ کن میچ کھیلا۔
میزبان ٹیم میں اس میچ کے لیے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کی واپسی ہوئی۔
تین میچوں کی یہ سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے آکلینڈ میں 16 رنز سے جیتا تھا لیکن نیوزی لینڈ نے ہملٹن کے دوسرے میچ میں کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل کی ورلڈ ریکارڈ شراکت کے نتیجے میں دس وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی تھی۔



