’درحقیقت یہ آفریدی کا دن تھا‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقاریونس کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف تینوں ٹی 20 انٹرنیشنل میں شکست کے بعد نیوزی لینڈ کو اسی کے میدان پر شکست دینا خوش آئند ہے۔
تاہم نیوزی لینڈ ہوم گراؤنڈ پر آسان ٹیم نہیں ہے اور اگلا میچ پاکستان کے نقطۂ نظر سے زیادہ اہم ہوگا۔
آکلینڈ میں پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل جیتنے کے بعد وقاریونس نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ محمد حفیظ نے بہت ہی عمدہ اننگز کھیلی، جب کہ احمد شہزاد نے بھی ٹیم کو اچھا آغاز دیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
وقاریونس کاکہنا تھا کہ جب کپتان اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے تو ٹیم کو بھرپور حوصلہ ملتا ہے۔ ’درحقیقت یہ آفریدی کا دن تھا جنھوں نے بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ ہر شعبے میں عمدہ پرفارمنس دی۔‘
وقار یونس نے کہا کہ یقیناً یہ ایک زبردست جیت ہے لیکن نیوزی لینڈ کو اگلے میچوں میں کسی صورت بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے میچ کے بعد انٹرویو میں کہا کہ جیت ہار کھیل کا حصہ ہے وہ اس بات کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں کہ ہر کھلاڑی سو فیصد کارکردگی دکھائے اور محنت نظر آنی چاہیے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ محمد حفیظ بہت اچھا کھیلے جس کے بعد چند چھوٹی اننگز سے بھی ٹیم کو ایک 171 کا سکور کرنے کا موقع ملا۔
انھوں نے کہا کہ ولیمسن اور منرو نے بہت ہی عمدہ بیٹنگ کی لیکن انھیں اپنے کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد تھا کہ وہ انھیں ہدف تک جانے سے روک سکتے ہیں۔



