پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 16 رنز سے شکست دے دی

،تصویر کا ذریعہGetty
آکلینڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 16 رنز سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز سکور کیے۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/ECKP90254" platform="highweb"/></link>
نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیئمسن نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 59 گیندوں میں 70 رنز سکور کیے۔
نیوزی لینڈ کو دوسرے اوور میں اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب گپٹل رن آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے دو رنز بنائے۔
کولن منرو نے 25 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی اور وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ انھوں نے نصف سنچری وہاب کی گیند پر چھکا مار کر بنائی تھی۔
نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ اس وقت گری جب اینڈرسن کو عماد نے صفر پر اپنی ہی گیند پر کیچ کیا۔
شاہد آفریدی نے پاکستان کو چوتھی کامیابی دلوائی۔ انھوں نے گرانٹ ایلیئٹ کو تین رنز پر بولڈ کیا۔
شاہد آفریدی نے ایک اور وکٹ اس وقت لی جب گرانٹ رونکی بغیر رن بنائے کیچ آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
شاہد آفریدی نے عمر گل کی گیند پر میچل سینٹنر کا شاندار کیچ پکڑا۔ وہ کوئی سکور نہ کر سکے۔
عمر گل کو ایک اور وکٹ اس وقت ملی جب انھوں نے ایسل کو ایک رن پر بولڈ کیا۔
محمد عامر جن کی گیند پر دو کیچ چھٹے نے میٹ ہینری کو آؤٹ کیا۔ ہینری کا کیچ شاہد آفریدی نے پکڑا۔
کین ولیئمسن نے 59 گیندوں میں 70 رنز سکور کیے۔ ان کی وکٹ وہاب ریاض نے لی۔
اس سے قبل پاکستان کو پانچویں اوور میں پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد 13 گیندوں میں 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ ساتویں اوور کی پہلی گیند پر گری جب صہیب مقصود کیچ آؤٹ ہوئے۔ وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو تیسرا نقصان اس وقت ہوا جب شعیب ملک 20 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 15 ویں اوور میں گری جب محمد حفیظ 61 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
سترہویں اوور میں عمر اکمل 13 گیندوں میں 24 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اٹھارہویں اوور کی پہلی گیند پر شاہد آفریدی کیچ آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے آٹھ گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔
شاہد آفریدی کے بعد سرفراز احمد دو رنز اور عماد 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔



