اعتماد کی بحالی کے لیے جیت ضروری: آفریدی

نیوزی لینڈ کے ساتھ پہلا میچ آکلینڈ میں ہو گا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشننیوزی لینڈ کے ساتھ پہلا میچ آکلینڈ میں ہو گا
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل جمعے کے روز آکلینڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور کوچ وقار یونس کو توقع ہے کہ ان کے کھلاڑی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 سے قبل اعتماد کی بحالی کے لیے جیت بہت ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ جب ہر کھلاڑی سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے تو نتیجہ بھی اچھا آتا ہے۔

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ان دنوں بہت ہی اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے خاص کر وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر بہت مضبوط ٹیم ہے لہٰذا پاکستانی ٹیم کو بھی سخت کرکٹ کھیلنی پڑے گی۔

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ محمد عامر اور عمرگل کے آنے سے تیز بولنگ کا شعبہ مضبوط ہوا ہے۔

یاد رہے کہ سپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ محمد عامر پانچ سال بعد پہلی بار انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

آفریدی کو توقع ہےکہ انگلینڈ کے خلاف تیز بولروں نے آخری اووروں میں بہت زیادہ رنز دیے تھے لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا۔

پاکستانی ٹیم کے کوچ وقاریونس کے خیال میں عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آنے کے بارے میں ابھی سے سوچنے کے بجائے ایک ایک میچ پر خاص توجہ دینی ہوگی اور جب آپ جیتیں گے تو یقیناً رینکنگ میں بھی بہتری آئے گی۔

واضح رہے کہ اس وقت پاکستانی ٹیم ٹی 20 کی عالمی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا نمبر ساتواں ہے اور جو بھی ٹیم سیریز کے تینوں میچ جیتے گی وہ عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آجائے گی۔

وقاریونس کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس وقت اچھی فارم میں ہے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستانی ٹیم کو بھی اپنی تمام ترصلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ماضی میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ میں آسانی سےجیت لیا کرتی تھی لیکن اب نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت اچھی ہے اور پاکستانی ٹیم کو جیت کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 11 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے پاکستان نے سات جیتے ہیں چار میں اسے شکست ہوئی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان نیوزی لینڈ کی سرزمین پر تین ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے دو نیوزی لینڈ نے اور ایک پاکستان نے جیتا ہے۔

پاکستانی ٹیم شاہد آفریدی کی قیادت میں 32 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیل چکی ہے جن میں سے 15 جیتے ہیں اور 16 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔