نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دس وکٹوں سے شکست دے دی

،تصویر کا ذریعہGetty
ہیملٹن میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کودس وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔
نیوزی لینڈ نے 169 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے باآسانی حاصل کر لیا۔
اوپنر مارٹن گپٹل اور کین ولیئمسن نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں سکور کیں۔
<link type="page"><caption> میچ کا لائیو سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90255" platform="highweb"/></link>
ولیئمسن نے 48 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 72 اور مارٹن گپٹل نے 58 گیندوں پر چار چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی اننگز کھیلی اور دونوں بلے باز آؤٹ نہیں ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بولر نیوزی لینڈ کے اوپنرز کو آؤٹ کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے تھے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
عمر اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے عمر اکمل اور شعیب ملک نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 63 رنز بنائے۔ شعیب ملک 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پانچویں آؤٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑی کپتان شاہد آفریدی تھے جنھوں نے سات رنز بنائے جس میں ایک چھکا شامل تھا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مک کلینگن نے دو، کوری اینڈرسن، سینٹنر، ایلیٹ اور ملن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی احمد شہزاد تھے جو نو رنز بنا کر کوری اینڈرسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے۔انھوں نے 19 رنز بنائے۔ صیہب مقصود 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہg
نیوزی لینڈ کی ٹیم کے لیے سیریز میں واپس آنے کے لیے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری ہے جبکہ پاکستان یہ میچ جیت کر سیریز بھی جیت سکتا ہے۔
ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم ایک بڑا سکور کر کے نیوزی لینڈ کو دباؤ میں ڈالنے کی کوشش کرے گی۔
نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی20 میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں مک کلینگن اور راس ٹیلر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
اس قبل پاکستان نے آکلینڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ کو 16 رنز سے شکست سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔



