بھارت کرکٹ کھیلنے کے معاہدے کا احترام کرے: شہریار خان

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے معاہدے کا احترام کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ آٹھ سال میں چھ ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے بارے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر رکھے ہیں اور اس سلسلے کی پہلی سیریز اس سال دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی ہے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی نے اس سیریز کے امکانات تقریباً ختم کر دیے ہیں۔

پاکستان سے نہ کھیلنے کے بارے میں تازہ ترین بیانات خود بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے دیے ہیں جو حکمراں جماعت کے رکنِ پارلیمنٹ بھی ہیں۔

شہریار خان نے منگل کے روز بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھیجے جانے والے خط میں لکھا ہے کہ سیاست کو کھیل سے الگ رکھا جانا چاہیے۔

انھوں نے کہا ہے کہ پاک بھارت سیریز نے ہمیشہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

شہریار خان نے اپنے خط میں انوراگ ٹھاکر کو یہ بھی یاد دلایا ہے کہ جب وہ 2004 میں بھارتی ٹیم کے ساتھ پاکستان آئے تھے تو انھوں نے خود لوگوں کی والہانہ محبت دیکھی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت سیریز کے نشریاتی حقوق کے معاملے میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے تحفظات بھی دور کر دیے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ بھارت سے سیریز نہ ہونے کی صورت میں بنگلہ دیش سے کھیلنے کا خواہش مند تھا لیکن بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے اپنی کرکٹ لیگ میں کھلاڑیوں کے مصروف ہونے کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ سے معذرت کر لی ہے۔