’سیاسی ماحول گرم رہا تو کرکٹ سیریز مشکل‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کو امید ہے کہ گرداس پور کے حالیہ واقعے سے پاک بھارت کرکٹ روابط متاثر نہیں ہوں گے تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ اس واقعے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کے بیان پر انہیں تشویش ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی پنجاب کے ضلع گرداسپور میں شدت پسندوں کے حملے میں چار پولیس اہلکاروں اور تین شہریوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی حکومت نے کہا ہے کہ شدت پسند پاکستان سے آئے تھے جبکہ پاکستان نے بھارتی الزام مسترد کر دیا ہے۔
اس سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے جو خود رکن پارلیمنٹ بھی ہیں اس واقعے کے بعد کہا تھا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ روابط استوار کرنا ممکن نہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے بی بی سی اردو سروس کو دیے گئے انٹرویو میں تسلیم کیا کہ انہیں انوراگ ٹھاکر کے بیان پر تشویش ہے۔
شہریار خان نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ گرداس پور کے واقعے سے پاک بھارت کرکٹ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے اور بات زیادہ نہیں بڑھے گی لیکن اس طرح کے واقعات سے حالات خراب ہو جاتے ہیں۔اس واقعے کے بعد انوراگ ٹھاکر نے جو بیان دیا ہے اسے وہ تشویش کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
شہریار خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں کارگل اور ممبئی کے واقعات کے سبب پاک بھارت کرکٹ کافی متاثر رہی اور اگر آنے والے دنوں میں سیاسی ماحول گرم رہا تو پھر بھارتی حکومت کی جانب سے بی سی سی آئی کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت ملنی مشکل ہو جائے گی لیکن وہ یہ سمجھتے ہیں کہ کرکٹ اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے اور انہوں نے اپنے بھارتی دورے میں بھارتی حکام سے یہی کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ جاری رہنی چاہیے۔
شہریار خان سے جب یہ پوچھا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لیے کتنا انتظار کر سکتا ہے تو ان کا جواب تھا کہ یہ انتظار ایک دو مہینے سے زیادہ نہیں کیا جا سکتا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز نے آٹھ سال میں پانچ سیریز کھیلنے پر اتفاق کیا ہے اور اس سلسلے میں پہلی سیریز اس سال کے اواخر میں متحدہ عرب امارات میں طے ہے۔
پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے سبب سب سے زیادہ کرکٹ کا کھیل متاثر ہوا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2007 کے بعد سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں ہو سکی ہے البتہ 2012 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے بھارت کا مختصر دورہ کیا تھا۔



