پاکستان نے سری لنکا میں نو برس بعد ون ڈے سیریز جیت لی

احمد شہزاد نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 95 رنز کی اننگز کھیلی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشناحمد شہزاد نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 95 رنز کی اننگز کھیلی

پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز کے چوتھے کرکٹ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی اس سیریز میں تین ایک کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

یہ نو برس میں پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ٹیم سری لنکن سرزمین پر کوئی ون ڈے سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

بدھ کو کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے مہمان ٹیم کو 257 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 41ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90118" platform="highweb"/></link>

پاکستانی اننگز کی خاص بات اوپنر احمد شہزاد اور محمد حفیظ کی عمدہ بلے بازی تھی جنھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں بالترتیب 13ویں اور27ویں نصف سنچریاں بنائیں۔

کولمبو کے پریماداسا کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی اوپنرز احمد شہزاد اور اظہر علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو 75 رنز کا اچھا آغاز دیا۔

اس شراکت کو لستھ ملنگا نے اظہر کو کیچ کروا کے توڑا جنھوں نے 28 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملنگا کو دوسری وکٹ اس وقت ملتے ملتے رہ گئی جب تھریمانے نے احمد شہزاد کا آسان کیچ چھوڑ کر انھیں ایک موقع دیا۔

پاکستانی کپتان اظہر علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو 69 رنز کا اچھا آغاز دلوایا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستانی کپتان اظہر علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو 69 رنز کا اچھا آغاز دلوایا

احمد شہزاد نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نصف سنچری تو بنائی لیکن ایک روزہ کرکٹ میں اپنی ساتویں سنچری سے پانچ رنز کی دوری پر لکمل کی گیند پر کیچ ہوگئے۔

انھوں نے دوسری وکٹ کے لیے حفیظ کے ساتھ مل کر 115 رنز کی شراکت قائم کی۔ حفیظ نے ون ڈے کرکٹ میں 27ویں نصف سنچری بنائی اور 70 رنز کی اننگز کھیل کر سریوردنا کی پہلی وکٹ بنے۔

ان کے جانے کے بعد شعیب ملک اور سرفراز احمد نے مزید کسی نقصان کے بغیر ٹیم کو فتح دلوا دی۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے۔

تلکارتنے دلشان اور لوہارو تھریمانے کی عمدہ بلے بازی کی بدولت اس میچ میں ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ سری لنکن ٹیم ایک بڑا سکور کرنے میں کامیاب رہے گی لیکن اننگز کے درمیانی اوورز میں پاکستانی بولروں نے عمدہ بولنگ کی اور میزبان ٹیم کو ایسا نہ کرنے دیا۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان اور پریرا نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر پریرا محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

تھریمانے دس رنز کی کمی سے اپنی پانچویں ون ڈے سنچری مکمل نہ کر سکے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنتھریمانے دس رنز کی کمی سے اپنی پانچویں ون ڈے سنچری مکمل نہ کر سکے

تاہم اس کے بعد دلشان اور تھریمانے نے نصف سنچریاں بناتے ہوئے مزید کسی نقصان کے بغیر ٹیم کا سکور 109 رنز تک پہنچا دیا۔

پاکستان کو دوسری کامیابی کے لیے 21 اوورز انتظار کرنا پڑا اور اس طویل انتظار کا خاتمہ عماد وسیم نے دلشان کو 50 کے سکور پر بولڈ کر کے کیا۔

اس کے بعد تھریمانے تو ایک اینڈ پر جمے رہے لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

تھریمانے بھی دس رنز کی کمی سے اپنی پانچویں ون ڈے سنچری مکمل نہ کر سکے۔ انھیں یاسر شاہ نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ انور علی اور راحت علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

محمد عرفان تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب پاکستانی بولر رہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد عرفان تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب پاکستانی بولر رہے

پاکستانی ٹیم کے لیے چیمپیئنز ٹرافی تک رسائی کے لیے یہ سیریز جیتنا لازمی تھا۔

اگر پاکستانی ٹیم یہ سیریز تین دو کے فرق سے جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں اس کے پوائنٹس 90 اور چار ایک سے جیتنے کی صورت میں 92 ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ون ڈے جیت کر چیمپیئنز ٹرافی میں جگہ بنا لی ہے اور اب ویسٹ انڈیز اور پاکستان میں سے کوئی ایک ٹیم آٹھ ٹیموں کے آئی سی سی ایونٹ میں حصہ لے سکے گی جو 2017 میں انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔