دوسرے ون ڈے میں سری لنکا فاتح، سیریز برابر

محمد عرفان نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد عرفان نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی

پالیکیلے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کی پانچ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔

بدھ کو کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی ٹیم نے میزبان ٹیم کو 288 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ سری لنکا نے 48 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پرحاصل کر لیا۔

سری لنکن ٹیم کو پاکستانی گیند بازوں نے اس وقت مشکل میں ڈال دیا تھا جب 196 رنز پر اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔

تاہم اس موقعے پر چندیمل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سنبھالا۔ چندیمل 48 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے راحت علی نے تین، محمد حفیظ نے دو جبکہ محمد عرفان اور انور علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90116" platform="highweb"/></link>

چندیمل اور پتھیرانا نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 52 رنز بنائے جسے محمد حفیظ نے پتھیرانا کو آؤٹ کر کے ختم کیا۔

تلکرتنے دلشان 47 ، اوپل تھرنگا 28 اور تھرمانے چار رنز بنا کر راحت علی کا شکار بنے جبکہ کپتان اینجلو میتھیوز آٹھ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

پریرا نے جارہانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 17 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی

،تصویر کا ذریعہaf

،تصویر کا کیپشنپریرا نے جارہانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 17 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی

سری لنکا کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پریرا تھے جنھوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 68 رنز بنائے اور صرف 17 گیندوں پر نصف سکور کی۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اووروں میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے تھے۔

سو رنز سے پہلے ہی پاکستان کی تین وکٹیں گر گئیں تھیں۔ جس کے بعد کپتان اظہر علی، شعیب ملک اور محمد رضوان کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان قدرے بہتر ٹارگٹ دینے میں کامیاب ہو سکا ہے۔

چوتھی وکٹ کی شراکت میں اظہر علی اور شعیب ملک نے 83 رنز جوڑے۔اظہر علی نے 104 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔

شعیب ملک نے اظہر علی کا ساتھ دیتے ہوئے 51 گیندوں پر 51 رنز بنائے جس میں دو چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

اس کے بعد وکٹ پر آنے والے نوجوان کھلاڑی محمد رضوان نے آل راؤنڈر انور علی کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ کی شراکت میں 56 رنز بنائے۔

کپتان اظہر علی اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 83 رنز بنائے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکپتان اظہر علی اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 83 رنز بنائے

محمد رضوان نے 38 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز بنائے اور پرادیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور احمد شہزاد نے کیا اور پہلا نقصان 59 رنز پر اس وقت ہوا جب احمد شہزاد 30 رنز بنا کر کلین بولڈ ہو گئے۔

پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی جانب سے سنچری سکور کرنے والے محمد حفیظ صرف نو رنز ہی بنا سکے، وہ پتھیرانا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم 12 رنز بنا کر سری وردانا کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے ملینگا اور پتھیرانا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے ٹاس جیتنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ زیادہ رنز بنانے کے لیے پچ سازگار ہے۔

انھوں نے کہا کہ محمد حفیظ اچھا کھیل رہے ہیں اور فیلڈنگ کے بارے میں ٹیم کی بات ہوئی ہے اور امید ہے کہ بہتر ہو گی۔

پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان نے دمبولا میں کھیلا گیا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل چھ وکٹوں سے جیتا تھا جس میں محمد حفیظ کی سنچری اور چار وکٹوں کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

فیلڈنگ کے بارے میں ٹیم کی بات ہوئی ہے اور امید ہے کہ بہتر ہو گی: اظہر علی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنفیلڈنگ کے بارے میں ٹیم کی بات ہوئی ہے اور امید ہے کہ بہتر ہو گی: اظہر علی

پاکستانی ٹیم کے لیے چیمپیئنز ٹرافی تک رسائی کے لیے یہ سیریز جیتنا لازمی ہے۔

اگر پاکستانی ٹیم یہ سیریز تین دو کے فرق سے جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں اس کے پوائنٹس 90 اور چار ایک سے جیتنے کی صورت میں 92 ہو جائیں گے۔

اس وقت پاکستانی ٹیم کے عالمی رینکنگ میں 87 پوائنٹس ہیں جو ویسٹ انڈیز سے ایک کم ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ون ڈے جیت کر چیمپیئنز ٹرافی میں جگہ بنا لی ہے اور اب ویسٹ انڈیز اور پاکستان میں سے کوئی ایک ٹیم آٹھ ٹیموں کے آئی سی سی ایونٹ میں حصہ لے سکے گی جو 2017 میں انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کی عالمی ون ڈے رینکنگ میں اس وقت بنگلہ دیش ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں اور پاکستان نویں نمبر پر ہے۔