پاکستان پہلے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے کامیاب

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان نے پانچ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔
پاکستان نے میزبان ٹیم کی جانب سے دیا گیا 256 رنز کا ہدف 46ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
پاکستانی اننگز کی خاص بات محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بلے بازی تھی۔ انھوں نے 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے اپنی دسویں ون ڈے سنچری مکمل کی اور 95 گیندوں پر 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
<link type="page"><caption> میچ کے تفصیلی سکور کارڈ کے لیے یہاں کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90115" platform="highweb"/></link>
پاکستان نے 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان اظہر علی تھے جو 21 رنز بنا کر میتھیوز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ 65 کے مجموعی سکور پر گری جب احمد شہزاد 29 رنز بنا کر لکمل کی گیند پر چندی مل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 123 کے مجموعی سکور پر گری جب دلشان نے بابر اعظم کو 25 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے، پریرا نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ لے کر انھیں آؤٹ کیا۔
محمد حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر پراعتماد انداز میں بلے بازی کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔
شعیب ملک 55 اور محمد رضوان 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پرمقررہ 50اوورز میں255 رنز بنائے تھے۔ماسوائے چندی مال کے کوئی بھی سری لنکن کھلاڑی نصف سینچری نہ سکور کر سکا۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ چار وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
سری لنکن اوپنر پریرا کو 26رنز بنا کرمحمد حفیظ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ تھیرے مانے کو 23ویں رن پر انور علی نے آؤٹ کیا۔
تیسری وکٹ تھرنگا کی گری وہ بھی 20 رنز ہی بنا پائے۔ اوپنر دلشان 38 رنز بنا پائے تھے کہ انھیں محمد حفیظ نے آؤٹ کر دیا۔
میتھیوز نے 38 رنز بنائے۔ سری وردنہ کا سکور 20 رہا۔
پراسنا کوئی بھی رن نہ بنا پائے انھیں حفیظ کی گیند پر راحت نے کیچ آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بالر محمد حفیظ رہے انھوں نے چار کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ راحت علی نے دو اور یاسر شاہ اور انور علی نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین لوٹایا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
سیریز جیتنا لازم
یہ اس سیریز کا واحد ڈے میچ تھا جبکہ بقیہ چاروں میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔
اس سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت اظہرعلی کر رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں شکست ہوئی تھی البتہ اس نے زمبابوے کے خلاف سیریز دو صفر سے جیتی تھی۔
ورلڈ کپ میں ان فٹ ہونے کے بعد فاسٹ بولر محمد عرفان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ زمبابوے کے خلاف ٹی 20 میں عمدہ بیٹنگ کرنے والے مختار احمد اور بلال آصف کو پہلی بار ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
اس سیریز میں سری لنکا کو سنگاکارا اور جے وردھنے کی خدمات حاصل نہیں ہیں تاہم پاکستان اے کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کوشل پریرا ٹیم میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم کے لیے چیمپیئنز ٹرافی تک رسائی کے لیے یہ سیریز جیتنا لازمی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں آٹھ ٹیموں نےحصہ لینا ہے اور اس وقت پاکستانی ٹیم 87 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔ ویسٹ انڈیز کا 88 پوائنٹ کے ساتھ آٹھواں نمبر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی پوزیشن ساتویں ہے اس کے 93 پوائنٹ ہیں۔



