پاکستانی ٹیم کو پہلی جیت ملے گی بھی یا نہیں؟

تمیم اقبال اور امرالقیس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں312 رنز کا اضافہ کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنتمیم اقبال اور امرالقیس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں312 رنز کا اضافہ کیا
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

بنگلہ دیش نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اس دورے میں چونکادینے کا فیصلہ کررکھا ہے۔

پہلے اس نے ون ڈے سیریز کے تینوں میچوں میں کلین سوئپ کیا پھر پاکستانی ٹیم کے اس کے من پسند فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی میں چودہ طبق روشن کیے اور اب ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اسے جیتنے نہیں دیا۔

یہ نو ٹیسٹ میچوں میں پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کو ہرانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

درحقیت یہ ڈرا بنگلہ دیش کے لیے کسی بھی طرح جیت سے کم نہیں ہے۔

کھلنا ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم بہت برا نہیں کھیلی بلکہ بنگلہ دیشی ٹیم بہت اچھا کھیلی ہے۔

تمیم اقبال اس پورے دورے میں دونوں ٹیموں کے درمیان واضح فرق بن کر سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے ون ڈے سیریز میں دو سنچریاں سکور کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا اور اب کھلنا ٹیسٹ میں ان کی ڈبل سنچری اور امرالقیس کے ساتھ ٹرپل سنچری شراکت کے نتیجے میں بنگلہ دیشی ٹیم کے حوصلے آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں۔

درحقیقت یہ شاندار کارکردگی ٹیسٹ میچ کو پاکستانی ٹیم کی گرفت سے نکال کر لے گئی ورنہ 296 کی برتری کسی طور کم نہ تھی۔

تمیم اقبال 206 رنز بناکر بنگلہ دیش کی طرف سے ٹیسٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے بیٹسمین بنے ہیں۔

تمیم اقبال اور امرالقیس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں312 رنز کا اضافہ کیا جس نے کسی ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پہلی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت کا 55سالہ ریکارڈ بھی توڑڈالا۔

پاکستانی ٹیم نے اس دورے میں ابھی تک کچھ نہیں پایا لیکن کھویا بہت کچھ ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستانی ٹیم نے اس دورے میں ابھی تک کچھ نہیں پایا لیکن کھویا بہت کچھ ہے

پاکستانی ٹیم کے لیے میچ جیتنے کی صرف ایک ہی صورت بچی تھی کہ پانچویں دن اس کے بولرز وکٹوں کی لائن لگا دیں لیکن تمیم اقبال اور امرالقیس کی شراکت اور پھر شکیب الحسن کی عمدہ بیٹنگ پاکستانی ٹیم کی مایوسی کو بڑھاتے ہوئے میچ کو ڈرا کی طرف لے گئی۔

بنگلہ دیش کے 555 رنز چھ کھلاڑی پاکستان کے خلاف اس کا سب سے بڑا سکور بھی ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی بولرز نے کسی ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پانچ سو اور زائد رنز دے ڈالے ہیں۔

دوسرا ٹیسٹ میچ چھ مئی سے ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم اس دورے میں پہلی جیت کی منتظر ہے اور پہلے ٹیسٹ کو ڈرا پر ختم کر کے بنگلہ دیش نے پاکستانی ٹیم پر نفسیاتی برتری حاصل کرلی ہے اور وہ دوسرے ٹیسٹ میچ زیادہ اعتماد اور حوصلے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

پاکستانی ٹیم نے اس دورے میں ابھی تک کچھ نہیں پایا لیکن کھویا بہت کچھ ہے۔