تیسرا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو135 رنز سے شکست دے دی

یاسر شاہ نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنیاسر شاہ نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا

پریماداسا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پانچ ایک روز میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 135 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو، ایک سے برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان کے 316 رنز کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 181 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ملنگا تھے، انھیں عماد وسیم نے آؤٹ کیا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90117" platform="highweb"/></link>

سری لنکا کی جانب سے لہیرو تھرمانے کے علاوہ کو ئی بھی بلے باز کریز پر جم کر نہ کھیل سکا۔ انھوں نے 67 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔

سٹیڈیم میں بعض تماشائیوں کے پتھر پھینکنے کے بعد میچ روک دیا گیا تھا۔اس وقت سری لنکا کی سات وکٹیں گر چکی تھیں۔

اس سے قبل سری لنکا نے جب اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر دلشان اور کوشل پریرا اپنی ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور 42 رنز پر سری لنکا کی دو وکٹیں گر چکی تھیں۔

دلشان 14 اور کوشل پریرا 20 رنز بنا کر انور علی کا شکار بنے۔

سری لنکا کے دونوں اوپنرز پاکستانی بولر انور علی کا شکار بنے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنسری لنکا کے دونوں اوپنرز پاکستانی بولر انور علی کا شکار بنے

سری لنکا کے آوٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی اوپل تھرنگا تھے جنھیں یاسر شاہ نے اپنے پہلے ہی اوور میں آوٹ کیا۔

چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان اینجلو میتھیوز تھے جس کے بعد سری لنکن ٹیم میچ میں واپس نہ آسکی اور وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جبکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عماد وسیم اور انور علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

سرفراز احمد کو 77 رنز کی اننگز کھیلنے اور بعد میں دو کیچ اور ایک سٹمنگ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس سے قبل ایک بہتر اوپننگ پارٹنر شپ کے بعد سرفراز احمد اور محمد حفیظ کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے تھے۔

محمد حفیظ 54 اور سرفراز احمد 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 72 رنز بنائے۔

اوپنر احمد شہزاد اور اظہر علی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 93 رنز سکور کئے تھے۔ احمد شہزاد 44 اور اظہر علی 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سرفراز احمد کو عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنسرفراز احمد کو عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

پاکستانی اننگز کے آخری اوورز میں شعیب ملک اور نوجوان کھلاڑی محمد رضوان نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 59 رنز سکور کئے اور پاکستان کو ایک بڑے سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔

شعیب ملک 42 اور محمد رضوان 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل پریما داسا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روز میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان نے اس میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور بابر اعظم کی جگہ نوجوان کھلاڑی عماد وسیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

سری لنکا کی جانب سے لستھ ملینگا اور سچت پتھیرانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

اس سے قبل بدھ کو پالیکیلے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔

محمد حفیظ 54 رنز بنانے کے بعد پتھیرانا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد حفیظ 54 رنز بنانے کے بعد پتھیرانا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے

جبکہ دمبولا میں کھیلا گیا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل پاکستان نے چھ وکٹوں سے جیتا تھا جس میں محمد حفیظ کی سنچری اور چار وکٹوں کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

’چیمپیئنز ٹرافی تک رسائی کی شرط جیت‘

پاکستانی ٹیم کے لیے چیمپیئنز ٹرافی تک رسائی کے لیے یہ سیریز جیتنا لازمی ہے۔

اگر پاکستانی ٹیم یہ سیریز تین دو کے فرق سے جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں اس کے پوائنٹس 90 اور چار ایک سے جیتنے کی صورت میں 92 ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ون ڈے جیت کر چیمپیئنز ٹرافی میں جگہ بنا لی ہے اور اب ویسٹ انڈیز اور پاکستان میں سے کوئی ایک ٹیم آٹھ ٹیموں کے آئی سی سی ایونٹ میں حصہ لے سکے گی جو 2017 میں انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔