پالیکیلے ٹیسٹ: یونس اور شان مسعود کی سنچریاں

شان مسعود نے ٹیسٹ میچوں میں اپنی پہلی سنچری سکور کی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشان مسعود نے ٹیسٹ میچوں میں اپنی پہلی سنچری سکور کی

پالیکیلے میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا کے 377 رنز کے جواب میں پاکستان نے یونس اور شان مسعود کی سنچریوں کی بدولت 230 رنز بنا لیے ہیں۔

اس طرح پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے مزید 147 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

چوتھے دن کھیل کے اختتام پر شان مسعود اور یونس خان ناٹ آؤٹ رہے۔

دونوں کے درمیان اب تک 217 رنز کی شراکت ہو چکی ہے، جو پاکستان کی جانب سے چوتھی اننگز میں کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90114" platform="highweb"/></link>

اس سے قبل شان مسعود نے 173 گیندوں پر دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری جبکہ یونس خان نے 165 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے اپنی 30ویں سنچری سکور کی۔

احمد شہزاد دوسرے ہی اوور میں لکمل کی گیند پر بولڈ ہوگئے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناحمد شہزاد دوسرے ہی اوور میں لکمل کی گیند پر بولڈ ہوگئے

دوسری اننگز کے آغاز میں ہی پاکستان کو دوہرا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

آؤٹ ہونے والے پہلے پاکستانی بلے باز احمد شہزاد تھے جو دوسرے ہی اوور میں لکمل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ دوسرے اینڈ سے پرساد نے اظہر علی کو چندی مل کے ہاتھوں کیچ کروا کے اپنی ٹیم کو دوسری وکٹ دلوائی۔

اس موقعے پر شان مسعود اور یونس خان نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکالا۔

اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں کپتان اینجلو میتھیوز کی سنچری کی بدولت 313 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور اس طرح اسے پاکستان پر 376 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی۔

میتھیوز نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پانچویں سنچری نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی اور 122 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

پہلے سیشن میں ابتدائی طور پر تو سری لنکن بلے بازوں نے جم کر بیٹنگ کی لیکن پھر پاکستانی فاسٹ بولر عمران خان نے چھ اووروں میں پانچ وکٹیں لے کر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔

میتھیوز نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پانچویں سنچری نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمیتھیوز نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پانچویں سنچری نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی

عمران نے اپنی ٹیم کو چوتھے دن کی پہلی اور مجموعی طور پر چھٹی کامیابی دنیش چندی مل کو آؤٹ کر کے دلوائی۔

چندی مل نے نہ صرف نصف سنچری بنائی بلکہ میتھیوز کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کے لیے 117 رنز کی اہم شراکت بھی قائم کی۔

اسی اوور میں اگلی ہی گیند پر عمران نے پرساد کو سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ وہ اس اننگز میں بھی کوئی رن نہ بنا سکے۔

تھرندو کوشل عمران خان کی تیسری اور سرنگا لکمل چوتھی وکٹ بنے، ان دونوں کو بھی سرفراز نے ہی کیچ کیا۔ میتھیوز آؤٹ ہونے والے آخری سری لنکن بلے باز تھے۔

پاکستان کی جانب سے عمران خان کی پانچ وکٹوں کے علاوہ یاسر شاہ اور راحت علی نے دو، دو جبکہ احسان عادل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

لیگ سپنر یاسر نے اس ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی پانچ وکٹیں لی تھیں اور سیریز میں ان کی وکٹوں کی تعداد 24 ہو چکی ہے۔

پاکستانی فاسٹ بولر عمران خان نے چھ اووروں میں پانچ وکٹیں لے کر میچ کو دلچسپ بنا دیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستانی فاسٹ بولر عمران خان نے چھ اووروں میں پانچ وکٹیں لے کر میچ کو دلچسپ بنا دیا

ان کی اس شاندار کارکردگی کی بدولت وہ صرف دس ٹیسٹ کھیلنے کے باوجود ٹیسٹ کرکٹ کے موجودہ دس بہترین بولروں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔

تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے تھے۔

اس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 215 رنز بنا سکی تھی اور یوں سری لنکا کو پہلی اننگز میں 63 رنز کی برتری ملی تھی۔

پاکستان اور سری لنکا کی یہ ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہے اور تیسرے ٹیسٹ میچ میں جو بھی ٹیم فتح یاب ہو گی وہ ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر پہنچ جائے گی۔