پالیکیلے ٹیسٹ میں بلے باز پھر ناکام، پاکستان مشکل میں

آٹھویں وکٹ کے لیے سرفراز احمد نے یاسر شاہ کے ساتھ مل کر 45 رنز کی اہم شراکت قائم کی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنآٹھویں وکٹ کے لیے سرفراز احمد نے یاسر شاہ کے ساتھ مل کر 45 رنز کی اہم شراکت قائم کی

سری لنکا کے خلاف پالیکیلے میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستانی بلے باز ایک مرتبہ پھر ناکام رہے۔

سنیچر کو کھیل کے اختتام پر پاکستان نے پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائےاور اسے سری لنکا کی برتری ختم کرنے کے لیے اب بھی مزید 69 رنز کی ضرورت ہے۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90114" platform="highweb"/></link>

جب کھیل ختم ہوا تو کریز پر سرفراز احمد 72 رنز بنانے کے بعد موجود تھے جبکہ ان کا ساتھ محمد عمران دے رہے تھے جنھوں نے کوئی رن نہیں بنایا۔

سری لنکا کے 278 رنز کے جواب میں پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا تو صرف 32 رنز کے مجموعی سکور پر شان مسعود 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کو 40 رنز پر دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ یونس خان صرف تین رن ہی بنا سکے اور رن آؤٹ ہوئے۔

چوتھی وکٹ کے لیے اظہر علی اور اسد شفیق کے درمیان 46 رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ اسد شفیق کے 15 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ہوا۔

اظہر علی نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے نصف سنچری بنائی لیکن وہ 52 رنز بنانے کے بعد پردیپ کی دوسری وکٹ بن گئے۔

اظہر علی 52 رنز بنانے کے بعد پردیپ کی دوسری وکٹ بن گئے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناظہر علی 52 رنز بنانے کے بعد پردیپ کی دوسری وکٹ بن گئے

مصباح الحق صرف چھ رنز ہی بنا سکے اور پردیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ احسان عادل کوئی رن نہ بنا سکے۔

آٹھویں وکٹ کے لیے سرفراز احمد نے یاسر شاہ کے ساتھ مل کر 45 رنز کی اہم شراکت قائم کی جسے پرساد نے یاسر کو وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا کے توڑا۔

سری لنکا کی جانب سے نووان پردیپ اور دھمیکا پرساد نے تین، تین جبکہ کوشل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔

اس سے قبل سنیچر کو جب کھیل شروع ہوا تو سری لنکن اننگز گذشتہ روز کے مجموعی سکور میں صرف چھ رنز کے اضافے کے بعد تمام ہوگئی۔

پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 277 رنز کے مجموعی سکور پر تھرندو کوشل 18 رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

پاکستانی اوپنرز اس مرتبہ بھی ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستانی اوپنرز اس مرتبہ بھی ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے

صرف ایک رنز کے اضافے کے ساتھ ہی سری لنکا کی آخری وکٹ 278 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب نووان پردیب یاسر شاہ کا پانچواں شکار بنے۔

یاسر شاہ کی پانچ وکٹوں کے علاوہ راحت علی نے تین اور اظہر علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی یہ سیریز فی الوقت ایک ایک سے برابر ہے۔

پاکستان نے گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کو دس وکٹوں سے شکست دت تھی جبکہ کولمبو میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے ہرایا تھا۔