پالیکیلے ٹیسٹ: سری لنکا کی آدھی ٹیم آؤٹ، 291 کی برتری حاصل

تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر میتھوز 78 رنز پر کھیل رہے تھے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنتیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر میتھوز 78 رنز پر کھیل رہے تھے

پالیکیلے میں کھیلے جانے والے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن سری لنکا نے پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے جس کے ساتھ اس کو پاکستان پر 291 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر میتھوز 78 رنز پر اور چندیمل 39 رنز پر کھیل رہے تھے۔

اس سے قبل سری لنکا کی جانب سے کرونارتنے اور کوشل سلوا نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90114" platform="highweb"/></link>

سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 12 رنز کے مجموعی سکور پر پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے کرونارتنے دس رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

22 رنز کے مجموعی سکور پر سری لنکا کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب کوشل سلوا صرف تین رنز بنا کو پویلین لوٹ گئے۔

35 رنز کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی تیسری وکٹ اس وقت گری جب تھری مانے بغیر کوئی سکور کیے آؤٹ ہوئے۔

80 رنز کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی چوتھی وکٹ اس وقت گری جب اوپل تھرنگا 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

حاسر شاہ نے دوسری اننگز میں دو وکٹیں حاصل کی ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنحاسر شاہ نے دوسری اننگز میں دو وکٹیں حاصل کی ہیں

سری لنکا کی پانچویں وکٹ اس وقت گری جب یاسر شاہ نے مبارک کو 35 رنز پر آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان کی ٹیم سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس کے نتیجے میں سری لنکا کو پاکستان کے خلاف 63 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد اور عمران خان نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان کی آخری وکٹ گذشتہ روز کے سکور 209 رنز میں صرف چھ رنز کا اضافہ کر سکی۔

پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین عمران خان تھے جو بغیر کوئی سکور کیے آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کے پہلی اننگز میں 278 رنز کے جواب میں پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا تو صرف 32 رنز کے مجموعی سکور پر شان مسعود 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد نے چھ چوکوں کی مدد سے 78 اور اظہر علی نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے نووان پردیپ، دھمیکا پرساد اور کوشل نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم 278 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

سری لنکا کی جانب سے اوپنر کرونارتنے نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 14 چوکوں کی مدد سے 130 جبکہ اوپل تھرنگا نے چھ چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے پانچ، راحت علی نے تین اور اظہر علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔