آئی سی سی کی ورلڈ کپ ٹیم میں نہ بھارت نہ ہی پاکستان کی جگہ

برینڈن میککلم کو ان کی جارحانہ بیٹنگ اور تحریک دینے والی قیادت کے لیے آئي سی سی ورلڈ کپ ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبرینڈن میککلم کو ان کی جارحانہ بیٹنگ اور تحریک دینے والی قیادت کے لیے آئي سی سی ورلڈ کپ ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا ہے

کرکٹ ورلڈ کپ 2015 کے اختتام کے ایک روز بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ کی ایک ٹیم کا انتخاب کیا ہے جس میں نیوزی لینڈ کے پانچ کھلاڑی شامل ہیں جبکہ پاکستان اور بھارت کے کسی کھلاڑی کو جگہ نہیں مل سکی۔

کرکٹ کے ماہرین نے ایک 12 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا ہے اور اس کے لیے نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میککلم کو کپتان نامزد کیا گیا ہے۔

اس ٹیم میں ورلڈ کپ کی فاتح آسٹریلوی ٹیم کے تین کھلاڑیوں کے علاوہ جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈیویلیئرز اور فاسٹ بولر مورنے مورکل شامل ہیں۔

سری لنکا کے مایہ ناز کرکٹر کمارا سنگاکارا جنھوں نے اس ورلڈ کپ سے قبل ہی اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا کو اس ٹیم میں بطور وکیٹ کیپر شامل کیا گیا ہے۔

میککلم کے علاوہ نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر کوری اینڈرسن، فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ، اوپنر بیٹسمین، مارٹن گپٹل، اور سپنر ڈینیئل ویٹوری شامل ہیں۔

آسٹریلیا سے آل راؤنڈر گلین میکسول، بیٹسمین سٹیون سمتھ اور فاسٹ بولر مچل سٹارک کو جگہ ملی ہے۔

گپٹل نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز اور کسی میچ میں سب سے بڑا انفرادی سکور بنایا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنگپٹل نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز اور کسی میچ میں سب سے بڑا انفرادی سکور بنایا ہے

زمبابوے کے بیٹسمین برینڈن ٹیلر کو ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 433 رنز بنانے کے سبب بارھویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کی ٹیم کوارٹر فائنل میں ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی جبکہ بھارت کی ٹیم کو سیمی فائنل میں شکست کا سامنا رہا۔

ماہرین نے میککلم کو ان کی جارحانہ، نئے نئے تجربوں اور تحریک دینے والی قیادت کے سبب اس ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔

آئی سی سی کے تیریری بیان کے مطابق جنرل منیجر جیف الارڈائس نے کہا: ’پینل کو 12 کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا مشکل کام دیا گیا تھا کیونکہ اس ٹورنامنٹ میں چند بے حد دلکش انفرادی پرفارمرز شامل تھے جن میں دو ڈبل سنچری، دو ہیٹرک، اور 28 چار وکٹیں شامل ہیں۔

آسٹریلیا کے سٹارک اور نیوزی لینڈ کے بولٹ نے ٹورنامنٹ میں 22-22 وکٹیں حاصل کیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنآسٹریلیا کے سٹارک اور نیوزی لینڈ کے بولٹ نے ٹورنامنٹ میں 22-22 وکٹیں حاصل کیں

انھوں نے بتایا کہ انتخاب کے دوران کئی دوسرے ناموں پر بھی غور کیا گیا جن میں بنگلہ دیش کے محمد اللہ، متحدہ عرب امارات کے شائمان انور، بھارت سے امیش یادو، محمد شامی اور آر ایشون، پاکستان کے فاسٹ بولر وہاب ریاض اور جنوبی افریقہ کے عمران طاہر شامل تھے۔

آئی سی سی کی یہ ورلڈ کپ ٹیم اس طرح سے ہے:

1. برینڈن میککلم (نیوزی لینڈ، کپتان)

2. مارٹن گپٹل (نیوزی لینڈ)

3. کمار سنگاکارا (سری لنکا، وکٹ کیپر)

4. سٹیون سمتھ (آسٹریلیا)

5. اے بی ڈی ویلیئرز (جنوبی افریقہ)

6. گلین میكسویل (آسٹریلیا)

7. کوری اینڈرسن (نیوزی لینڈ)

8. ڈینیئل ویٹوری (نیوزی لینڈ)

9. مچل سٹارک (آسٹریلیا)

10. ٹرینٹ بولٹ (نیوزی لینڈ)

11. مورنے مورکل (جنوبی افریقہ)

12۔ برینڈن ٹیلر (زمبابوے)

جن ماہرین نے یہ ٹیم چنی ان میں معروف کمنٹیٹر ہرش بھوگلے اور انگلینڈ کے سابق کرکٹر مائیکل وان شامل تھے۔