آسٹریلیا پانچویں بار کرکٹ ورلڈ کپ کا فاتح

،تصویر کا ذریعہAP
آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ کرکٹ کا عالمی کپ جیت لیا ہے۔
اتوار کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کو فتح کے لیے 184 رنز کا ہدف ملا جو اس نے باآسانی 34ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://m.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88594" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> ورلڈ کپ کے فائنل میچ کی تصاویر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/multimedia/2015/03/150329_cwc_final_pics_gallery_aus_nz_mb.shtml" platform="highweb"/></link>
آسٹریلیا نے اس سے قبل 1987، 1999، 2003 اور 2007 میں ورلڈ کپ جیتا تھا جبکہ 1975 میں اسے ویسٹ انڈیز اور 1996 میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی تھی۔ اس سے قبل اس نے عالمی مقابلے کے چھ سیمی فائنل کھیلے لیکن ہر بار اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
آسٹریلوی فتح میں اہم کردار کپتان مائیکل کلارک اور سٹیون سمتھ نے نصف سنچریاں بنا کر ادا کیا۔
کلارک اپنے آخری ایک روزہ میچ میں 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سمتھ نے 54 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

،تصویر کا ذریعہAP
ان دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 112 رنز کی شراکت بھی قائم کی ہے۔
سمتھ اور کلارک کے علاوہ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے بھی 45 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے دو جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے ایک وکٹ لی۔
یہ بولٹ کی اس ٹورنامنٹ میں 22ویں وکٹ تھی اور وہ آسٹریلیا کے مچل سٹارک کے ہمراہ مشترکہ طور پر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بنئے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کلم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم 45 اوورز میں 183 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

،تصویر کا ذریعہEPA
سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ایلیئٹ نے فائنل میں بھی نصف سنچری بنائی لیکن ان کا ساتھ دینے کے لیے راس ٹیلر کے سوا کوئی بھی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔
ایلیئٹ 83 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ ٹیلر نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 111 رنز کی شراکت قائم کی۔
بقیہ بلے بازوں میں سے کوئی بھی آسٹریلوی بولرز کی نپی تلی بولنگ کا سامنا نہ کر سکا۔
آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فاکنر اور مچل جانسن تین، تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ مچل سٹارک نے دو اور گلین میکسویل نے ایک وکٹ لی۔
اس میچ کے لیے دونوں ممالک نے وہی ٹیم میدان میں اتاری جس نے سیمی فائنل مقابلوں میں فتح حاصل کی تھی۔



