’بولرز نے ورلڈ کپ جتوایا ہے‘

کلارک نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم نے پورا سیزن بہت اچھا کھیلا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکلارک نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم نے پورا سیزن بہت اچھا کھیلا
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، میلبرن

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے عالمی کپ کی جیت کا سہرا اپنے بولرز کے سر سجادیا ہے جنہوں نے ان کے خیال میں پورے ٹورنامنٹ میں بہت عمدہ بولنگ کی۔

واضح رہے کہ مچل سٹارک 22 وکٹوں کے ساتھ عالمی کپ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ جیمز فاکنر نے مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔

مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ ان کے بولرز کی کارکردگی ہر میچ میں غیرمعمولی رہی۔

کلارک اپنے دیرینہ دوست فلپ ہیوز کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے جو ایک فرسٹ کلاس میچ میں شان ایبٹ کی گیند گردن پر لگنے کے نتیجے میں انتقال کرگئے تھے۔

انھوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ یہ کہتے ہوئے آئے ہیں کہ آسٹریلوی ٹیم پندرہ نہیں بلکہ سولہ کھلاڑیوں پر مشتمل تھی ۔تمام کھلاڑی فلپ ہیوز کو نہیں بھولے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے عالمی کپ کی یہ جیت فلپ ہیوز کے نام کردی ہے۔

کلارک نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم نے پورا سیزن بہت اچھا کھیلا۔

مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ ان کے بولرز کی کارکردگی ہر میچ میں غیرمعمولی رہی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ ان کے بولرز کی کارکردگی ہر میچ میں غیرمعمولی رہی

کلارک سے جب پوچھا گیا کہ آپ فائنل کے بعد بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرسکتے تھے تو ان کا جواب تھا کہ فائنل کے بعد میڈیا ٹیم سے متعلق خبریں دیتا لہذا انھوں نے ایک دن پہلے کا انتخاب کیا اور انھیں امید ہے کہ اس پورے ہفتے آسٹریلیا کے ہر ایک کرکٹر کے بارے میں مثبت خبریں سامنے آئیں گی۔

مائیکل کلارک نے کہا کہ عالمی کپ کی جیت یقیناً قابل ذکر اور ان کے لیے خاص موقع ہے تاہم ان کی زندگی کا سب سے یادگار لمحہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں سنچری ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ وہ دو عالمی کپ اور دو ایشز جیتنے والی ٹیموں میں شامل رہے ہیں۔

کلارک نے کہا کہ انھوں نے کم عمری میں ہی یہ بات سیکھی تھی کہ بڑے کھلاڑی ہمیشہ بڑے میچوں میں نمایاں نظر آتے ہیں۔ وہ ورلڈ کلاس اور میچ ونرز کے ساتھ بھی کھیلے اور انھوں نے اس وقت پرفارمنس دی جب ٹیم کو ضرورت تھی۔

کلارک نے کہا کہ ان کی خواہش اور کوشش ہوگی کہ آسٹریلیا کو دوبارہ ٹیسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ایک ٹیم بنواسکیں۔