ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو باآسانی ہرا دیا

ٹیلر نے ایلیئٹ کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے سنچری شراکت قائم کی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنٹیلر نے ایلیئٹ کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے سنچری شراکت قائم کی

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ایک روزہ کرکٹ میچ میں سات وکٹوں سے فتح حاصل کر کے دو میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان نے ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے میزبان ٹیم کو 211 رنز کا ہدف دیا جو اس نے باآسانی 40ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

<link type="page"><caption> پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: تصاویر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/multimedia/2015/01/150131_pics_pakistan_nz_odi_cricket_zs.shtml" platform="highweb"/></link>

نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر اور گرانٹ ایلیئٹ نے نصف سنچریاں سکور کیں اور ناٹ آؤٹ رہے۔

ان دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 112 رنز کی شراکت قائم کی۔

اننگز کے آغاز میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور ابتدائی چار اوورز میں تقریباً دس رنز فی اوور کی اوسط سے رن بنائے۔

نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز برینڈن میکلم تھے جو 17 رنز کی مختصر مگر جارحانہ اننگز کھیل کر بلاول بھٹی کی وکٹ بنے۔

ٹام لیتھم اور مارٹن گپتل نے دوسری وکٹ کے لیے 44 رنز کی شراکت قائم کی جسے آفریدی نے لیتھم کو سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کے توڑا۔

پاکستان کو تیسری کامیابی محمد عرفان نے گپتل کو آؤٹ کر کے دلوائی جنھوں نے 39 رنز بنائے۔

شاہد آفریدی نے جارحانہ انداز کھیلتے ہوئے نصف سنچری بنائی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشاہد آفریدی نے جارحانہ انداز کھیلتے ہوئے نصف سنچری بنائی

اس کے بعد پاکستانی بولر مزید کوئی وکٹ نہ لے سکے اور میچ اوور میں نیوزی لینڈ کی فتح پر اختتام پذیر ہوا۔

اس سے قبل شاہد آفریدی اور مصباح الحق کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستانی ٹیم 46 ویں اوور میں 210 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سنیچر کو کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو آغاز سے ہی پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار رہی۔

آفریدی اور مصباح کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر جم نہ سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

ابتدا میں وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کی رنز بنانے کی رفتار سست رہی اور اس نے 100 رنز 29 اوورز میں مکمل کیے۔

حارث سہیل اور مصباح نے 49 رنز کی اہم شراکت نے ٹیم کو کچھ سہارا دیا اور پھر بعد میں آفریدی نے مصباح کے ساتھ مل کر 6 اوور میں 71 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ مصباح کے 58 رنز بنا کر آؤٹ ہونے پر ہوا۔

شاہد آفریدی نے اس میچ میں ایک مشکل وقت میں ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور اپنے روایتی انداز میں نصف سنچری بنائی۔

آفریدی نے اپنے 50 رنز صرف 22 گیندوں میں بنائے جس میں سات چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

ملز نے پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر محمد حفیظ کو کلین بولڈ کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنملز نے پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر محمد حفیظ کو کلین بولڈ کیا

وہ 29 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیئٹ نے تین جبکہ کائل ملز، ٹرینٹ بولٹ اور کورے اینڈرسن نے دو، دو وکٹیں لیں۔

ایلیئٹ کو میچ میں نصف سنچری اور تین وکٹوں کی آل راؤنڈ کاکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ایک روزہ میچوں کی سیریز کا یہ پہلا میچ تھا۔ یہ سیریز ورلڈ کپ 2015 کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کی آخری سیریز ہے۔

نیوزی لینڈ نے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کے خلاف 22 ایک روزہ میچ چیتے ہیں اور 15 ہارے ہیں۔ تاہم 2011 میں نیوزی لینڈ میں پاکستان نے ون ڈے سیریز 2-3 سے جیتی تھی۔

پاکستان کی ٹیم: محمد حفیظ، احمد شہزاد، یونس خان، مصباح الحق، عمر اکمل، حارث سہیل، سرفراز احمد، شاہد آفریدی، بلاول بھٹی، محمد عرفان اور احسان عادل۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم: برینڈن میککلم، اینڈرسن، بولٹ، ایلیئٹ، گپٹل، لیتھم، این میککلم، ملز، ملن، رونچی اور ٹیلر۔