پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سب سے بڑے امتحان کا سفر شروع

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام, کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنے سب سے بڑے امتحان کے لیے منگل کی شب کرکٹ کے عالمی کپ کے سفر پر روانہ ہو رہی ہے۔
اس سفر میں وہ پہلا پڑاؤ نیوزی لینڈ میں ڈالے گی جہاں اسے نیوزی لینڈ کے خلاف دو ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے ہیں جس کے بعد وہ آسٹریلیا پہنچ جائے گی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا میچ 31 جنوری کو ویلنگٹن میں جبکہ دوسرا تین فروری کو نیپیئر میں کھیلے گی۔
پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل سڈنی میں دو وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔
پہلا میچ نو فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف اور دوسرا میچ 11 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم عالمی کپ کا آغاز 15 فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ سے کرے گی۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت مصباح الحق کر رہے ہیں جنھوں نے عالمی کپ کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل کو خیر آباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اسی طرح آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھی یہ اعلان کر دیا ہے کہ وہ عالمی کپ کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل نہیں کھیلیں گے۔
عالمی کپ میں حصہ لینے والی ٹیم میں صرف پانچ کھلاڑی ایسے ہیں جنھیں اس سے قبل بھی آسٹریلیا میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کا تجربہ ہے۔
ان کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، یونس خان، شاہد آفریدی، سرفراز احمد اور عمراکمل شامل ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کپتان مصباح الحق آسٹریلیا میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں تاہم انھوں نے ون ڈے انٹرنیشنل نہیں کھیلے ہیں۔
مصباح الحق کے علاوہ احمد شہزاد، صہیب مقصود، حارث سہیل، محمد عرفان، جنید خان، یاسر شاہ، احسان عادل، وہاب ریاض اور سہیل خان پہلی بار آسٹریلیا میں ون ڈے کھیلیں گے۔
اس ٹیم کے سات کھلاڑی اس سے قبل نیوزی لینڈ میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔
پاکستانی ٹیم عالمی کپ کے دوران تین میچ آسٹریلیا اور تین ہی نیوزی لینڈ میں کھیلے گی۔



