بھارت کا سری لنکا کے خلاف کلین سویپ

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت نے سری لنکا کو سیریز کے پانچویں اور آخری ایک روزہ کرکٹ میچ میں بھی شکست دے کر یہ سیریز پانچ صفر سے جیت لی ہے۔
رانچی میں کھیلے گئے پانچویں ون ڈے میں بھارت نے سری لنکا کو تین وکٹ سے ہرا دیا۔
بھارت نے سری لنکا کے خلاف پہلی بار پانچ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کیا ہے۔ اس سے پہلے بھارت نے سری لنکا کے خلاف 1982 میں تین میچوں کی سیریز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔
اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارت کو جیت کے لیے 287 رنز کا ہدف دیا تھا۔
بھارت نے یہ ہدف48ویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اس جیت میں کلیدی کردار کپتان وراٹ کوہلی کا رہا جنھوں نے خراب آغاز کے بعد رائيڈو کے ساتھ سنچری شراکت قائم کی۔
کوہلی نے اس دوران ون ڈے کرکٹ میں اپنی 21 ویں سنچری بھی بنائی۔ انہوں نے 126 گیندوں پر 12 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 139 رنز بنائے۔
ان کے علاوہ رائيڈو نے 69 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 59 رن بنائے۔
اس سے قبل سری لنکا کی اننگز میں کپتان انجیلو میتھیوز نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو بڑے سکور تک پہنچایا۔
میتھیوز نے 116 گیندوں پر 139 رنز بنائے اور آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے تھے۔



