ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ پر مقدمہ کریں گے: انڈیا

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہBCCI

،تصویر کا کیپشنویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اور بورڈ کے درمیان معاوضوں کے تنازعے پر انڈیا میں سیریز کے درمیان اچانک کھیلنے سے انکار کر دیا تھا جس کی وجہ سے دورہ منسوخ کرنا پڑا

انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے دورہ ادھورا چھوڑ کر جانے پر ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ (ڈبلیو آئی سی بی) پر مقدمہ دائر کرنے اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے ویسٹ انڈیز کے ساتھ مستقبل کی تمام سیریز منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

منگل کو جنوبی شہر حیدر آباد میں ایک اجلاس کے بعد جاری کیے گئے ایک بیان میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے کہا کہ وہ دورے کے اچانک منسوخ کیے جانے پر ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’بی سی سی آئی اور ڈبلیو آئی سی بی کے درمیان تمام دو طرفہ دورے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔‘

انڈیا نے فروری مارچ 2016 کو ویسٹ انڈیز کے دورے پر جانا تھا۔

ڈبلیو آئی سی بی بھی باربیڈوس میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد کر رہا ہے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اور بورڈ کے درمیان معاوضے کے تنازعے پر گذشتہ جمعے کو دھرم شالا میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ کے بعد ویسٹ انڈیز نے کہا تھا کہ وہ اب سیریز نہیں کھیلے گا، اگرچہ مزید ایک ایک روزہ میچ، ایک 20ٹوئنٹی اور تین ٹیسٹ میچ ابھی باقی تھے۔

جمعے کو ڈبلیو آئی سی بی نے بی سی سی آئی اور اس دورے کے تمام شراکت داروں سے معافی مانگی تھی اور امید ظاہر کی تھی کہ ان کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات جاری رہیں گے۔

بی سی سی آئی نے فوراً ان منسوخ شدہ میچوں کی جگہ اگلے ماہ سری لنکا سے پانچ ایک روزہ میچ طے کر لیے لیکن پھر بھی اسے تقریباً پانچ کروڑ ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہو سکتا ہے۔

میڈیا میں ایسی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ بی سی سی آئی ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کے انڈین پریمیئر لیگ میں کھیلنے پر پابندی لگا سکتا ہے، تاہم بیان میں ایسی کوئی بات نہیں کہی گئی۔

خیال رہے کہ بھارت کے دورے کے دوران ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان کنٹریکٹ پر اختلافات کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔

کوچی میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ سے قبل بھی یہ افواہ تھی کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بورڈ کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے میچ نہیں کھیلنا چاہتی۔