سنیل نارائن بھی امپائرز کے رڈار کی زد میں

سنیل نارائن اس چیمپیئنز لیگ میں مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آنےوالے چوتھے بولر ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسنیل نارائن اس چیمپیئنز لیگ میں مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آنےوالے چوتھے بولر ہیں
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

چیمپیئنز لیگ ٹی 20 مقابلوں کے دوران کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے لیے کھیلنے والے ویسٹ انڈین آف سپنر سنیل نارائن بھی مشکوک بولنگ ایکشن والے بولروں کی صف میں شامل ہوگئے ہیں۔

ان کے بولنگ ایکشن کے قواعد وضوابط کے منافی ہونے کے بارے میں امپائرز شمس الدین، انیل چوہدری اور دھرما سینا نے رپورٹ کر دی ہے۔

سنیل نارائن کی تیز گیند پر امپائرز نے خاص طور پر اعتراض کیا ہے۔

یہ رپورٹ چیمپیئنز لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور ڈولفنز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں کی گئی ہے ۔

اس میچ میں نارائن نے چار اوورز میں 33 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔

سنیل نارائن موجودہ چیمپیئنز لیگ میں اس وقت سب سے زیادہ 11 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ وہ اس ٹورنامنٹ کے چھ ایڈیشنز میں اب تک کل 38 وکٹیں لے کر اس کی تاریخ کے سب سے کامیاب بولر بھی ہیں۔

سنیل نارائن اس چیمپینز لیگ میں مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آنےوالے چوتھے بولر ہیں۔

ان سے پہلے لاہور لائنز کے عدنان رسول اور محمد حفیظ، اور ڈولفنز کے سبرائن کے بولنگ ایکشن کے قواعد وضوابط کے مطابق نہ ہونے کے بارے میں امپائرز نے رپورٹ کی ہے۔

مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق چیمپیئنز لیگ کی پالیسی کے مطابق سنیل نارائن کو وارننگ لسٹ میں رکھا گیا ہے۔ وہ میچ تو کھیل سکتے ہیں لیکن اگر ان کے بولنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کے بارے میں امپائروں نے دوبارہ رپورٹ کر دی تو وہ اس ٹورنامنٹ اور بی سی سی آئی کے تحت ہونے والے کسی بھی میچ میں بولنگ نہیں کر سکیں گے۔

نارائن اگر چاہیں تو بی سی سی آئی کی مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق کمیٹی سے مدد کی درخواست کر سکتے ہیں۔