سری لنکا کے دورے سے قبل بھارتی ٹیم مشکلات کا شکار

ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ ادھوری سیریز میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے شامی سری لنکا دورے سے باہر ہو گئے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ ادھوری سیریز میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے شامی سری لنکا دورے سے باہر ہو گئے ہیں

بھارت اور سری لنکا کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ دو نومبر کو کٹک میں کھیلا جائے گا۔

لیکن اس سے پہلے پیر کو خبر آئی کہ بھارت کے بولر محمد شامی پاؤں کے انگوٹھے میں چوٹ کی وجہ سے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

محمد شامی کے سیریز سے باہر ہونے سے بھارتی ٹیم کے بولنگ اٹیک کو نقصان پہنچے گا کیونکہ انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ادھوری سیریز میں بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لی تھیں۔

ان کی جگہ مہاراشٹر کے بولر دھول کلکرنی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو اس سیریز کی تیاری کے لیے وقت نہیں ملا ہے۔

مہمان ٹیم کے سٹار بلے باز وکٹ کیپر کمار سنگاکارا بھی پیٹھ پر لگنے والی چوٹ سے پریشان ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے سیریز کے دوران ہی بھارت سے لوٹ جانے کے بعد بی سی سی آئی نے فوری طور پر سری لنکا کو ون ڈے سیریز کے لیے مدعو کیا تھا۔

میتھیوز کا خیال ہے کہ سری لنکا کو تیاری کے لیے مناسب وقت نہیں مل سکا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمیتھیوز کا خیال ہے کہ سری لنکا کو تیاری کے لیے مناسب وقت نہیں مل سکا

اس سیریز کے لیے بھارت کی کپتانی وراٹ کوہلی کو سونپی گئی ہے جبکہ مہندر سنگھ دھونی کو آرام دیا گیا ہے۔

وکٹ کیپر ردھیمان ساہا کی فٹنس کے حوالے سے بھی شبہات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

بھارت کے سابق وکٹ کیپر بلے باز وجے دہیا یہ تسلیم کرتے ہیں کہ ٹیم میں ردھیمان ساہا سے زیادہ نمن اوجھا کی جگہ بنتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت اے کی جانب سے کھیلتے ہوئے انھوں نے تین سنچریاں بنائی تھیں۔ اس کے بعد وہ انگلینڈ کے دورے پر گئے لیکن وہاں انھیں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔

وجے دہیا کا خیال ہے کہ آسٹریلیا کے دورے سے پہلے سری لنکا کے خلاف کھیلنے سے بھارتی ٹیم کو فائدہ ہو گا۔

دہیا بتاتے ہیں: ’اگرچہ کوئی کچھ کہے، لیکن آئندہ ورلڈ کپ میں اگر کوئی ٹیم ڈارک ہورس ثابت ہوگی تو وہ سری لنکا ہی ہے۔‘