پاکستان ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں

پاکستان نے جاپان میں جاری تیسرے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
جاپان کے شہر کاکامیگارا میں جمعرات کو کھیلے جانے والے ایک میچ میں پاکستان نے بھارت کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں یہ پاکستان کی مسلسل چوتھی کامیابی ہے۔
پاکستان نے پہلے میچ میں عمان کو آٹھ صفر، دوسرے میں چین کو پانچ ایک جبکہ تیسرے میچ میں ملائیشا کو ہرایا تھا۔
پاکستان جاپان میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا اعزاز کا دفاع کر رہا ہے۔
پاکستان نے گزشتہ سال ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
بھارت نے سنہ 2010 میں کھیلے جانے والے پہلے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی حاصل کی تھی۔
رواں برس کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، عمان، چین، ملائشیا اور جاپان کی ٹیمیں شامل ہیں۔



