پاکستان ایشیا کپ کے اگلے مرحلے میں

پاکستان یہ ٹورنامنٹ جیت کر ہی ہاکی کے عالمی کپ میں شرکت کر سکتا ہے: فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنپاکستان یہ ٹورنامنٹ جیت کر ہی ہاکی کے عالمی کپ میں شرکت کر سکتا ہے: فائل فوٹو

ملائشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے جا رہے نویں ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں میزبان ملک کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی ہے۔

اس میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچ گیا جس میں کامیابی کے بعد وہ سیمی فائنل میں پہنچنے کے قابل ہو گا۔

اگلے مرحلے میں پاکستان کا مقابلہ چائنیز تائی پے کے ساتھ ہو گا۔

اس سے پہلے سنیچر کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے جاپان کو صفر کے مقابلے میں سات گول سے شکست دے دی۔

اتوار کو کھیلے جانے والے میچ کے پہلے ہاف میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ دوسرے ہاف میں پاکستان نے مزید 3گول کرکے سبقت حاصل کر لی جو کھیل کے اختتام تک قائم رہی۔

پاکستان کی جانب سے زبر، دلبر، وقاص اور رسول نے ایک ایک ایک گول کیا جبکہ ملائیشیا کا واحد گول رحیم نے کیا۔

سنیچر کے میچ میں پاکستان کی جانب سے وقاص شریف، محمد توثیق اور محمد عمران نے دو دو گول کیے۔

دوسری جانب بھارت نے اپنے افتتاحی میچ میں اومان کو صفر کے مقابلے میں آٹھ گول سے شکست دی تھی ۔ بھارت پیر کو اپنا دوسرا میچ جنوبی کوریا کے خلاف کھیلے گا۔

چوبیس اگست سے یکم ستمبر تک کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنھیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں پاکستان، ملائیشیا، جاپان اور چین جبکہ گروپ بی میں کوریا، بھارت، اومان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔

یہ ٹورنامنٹ اس لحاظ سے انتہائی اہم ہے کہ اس کی فاتح ٹیم سنہ 2014 میں ہونے والے ہاکی کے عالمی کپ میں حصہ لینے کی اہل ہوگی۔