پاکستان بمقابلہ انڈیا: حارث رؤف، جو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے لیے اجنبی نہیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، میلبرن
پاکستان کی کرکٹ ٹیم آج جب انڈیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں اُترے گی تو اس کے ایک کھلاڑی کے لیے ماحول کسی طور بھی اجنبی نہیں ہو گا اور یہ کھلاڑی فاسٹ بولر حارث رؤف ہوں گے۔
حارث رؤف کے لیے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ ایک لحاظ سے ہوم گراؤنڈ کا درجہ رکھتا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ آسٹریلوی بگ بیش میں میلبرن سٹارز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
اس کا پاکستانی ٹیم کو فائدہ ہو گا؟
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم سے یہ سوال کیا گیا کہ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ حارث رؤف کا ہوم گراؤنڈ ہے تو اس کا پاکستانی ٹیم کو کیا فائدہ ہو گا؟
اس پر بابر اعظم کا جواب تھا کہ حارث رؤف کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کی کنڈیشنز کے بارے میں کافی باتیں معلوم ہیں اور انھوں نے ہمیں کافی معلومات فراہم کی ہیں جس کا ہمیں بہت فائدہ ہو گا۔
بابر اعظم حارث رؤف کی حالیہ کارکردگی سے بہت خوش بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حارث رؤف اپنی بولنگ میں غیر معمولی بہتری لائے ہیں خاص کر شاہین شاہ آفریدی کی غیر موجودگی میں انھوں نے بہت عمدہ بولنگ کی اور شاہین آفریدی کی کمی محسوس نہیں ہونے دی۔ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں حارث کی بولنگ ہمارے لیے بہت اہم ہو گی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
میلبرن میں حارث رؤف کا عمدہ ریکارڈ
حارث رؤف نے آسٹریلوی بگ بیش میں تین سیزن کھیلے ہیں جن میں انھوں نے 18 میچوں میں 30 وکٹیں حاصل کی ہیں، جن میں سب سے بہترین بولنگ میں 27 رنز دے کر پانچ وکٹیں شامل ہیں۔
حارث رؤف کی بولنگ کی خاص بات یہ تھی کہ انھوں نے ان 30 میں سے 11 وکٹیں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں حاصل کی تھیں جن میں سڈنی تھنڈرز کے خلاف ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔
حارث رؤف پاکستان کی طرف سے اب تک 50 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں جن میں انھوں نے 64 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
قابل ذکر بات یہ ہے کہ حارث رؤف نے جب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی ابتدا کی ہے اس کے بعد سے کوئی بھی دوسرا بولر ان سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹیں حاصل نہیں کر سکا۔
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
موبائل بیٹری سے ٹیم کی پیس بیٹری تک
حارث رؤف کا کریئر کرکٹ سے ان کے جنون اور انتھک محنت کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔
یہ ایک ایسے کھلاڑی کی کہانی ہے جو صرف ٹیپ بال کھیلا کرتا تھا اور راولپنڈی کی ایک موبائل شاپ میں کام کرتا تھا لیکن موبائل کی بیٹری سے یہ سفر اب پاکستانی کرکٹ ٹیم کی پیس بیٹری کے ایک اہم ترین بولر کا روپ دھار چکا ہے۔
حارث رؤف لاہور قلندرز کی پراڈکٹ ہیں جو گوجرانوالہ کے ٹرائلز میں لاہور قلندرز کی انتظامیہ اور کوچ عاقب جاوید کی نظروں میں آئے۔
انھیں آسٹریلیا کلب کرکٹ کھیلنے کے لیے بھیجا گیا اس کے بعد وہ پاکستان سپر لیگ کا حصہ بنے اور پھر آسٹریلوی بگ بیش میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا اور اب وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے چند اہم کھلاڑیوں کے طور پر آسٹریلیا میں موجود ہیں۔












