پی ایس ایل 6: پشاور زلمی کو 48 رنز سے شکست دے کر ملتان سلطان فائنل کا فاتح

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 48 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

پشاور زلمی کی پوری ٹیم مقرر 20 اوورز میں 159 رنز بنا سکی۔ ملتان سلطان کو پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

ملتان سلطان کے لیے مبارکبادیں

ملتان سلطان کی کامیابی سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سمیت پاکستان سوشل میّیا صارفین ملستان سلطان کی محنت کو سراہتے نظر آئے۔

کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے ملتان سلطان کو مارکباد دیتے ہوئے کہا ’مبارک ہو ملتان سلطان، مائٹی ملتان سلطان قابل فاتح ہیں! عمدہ ٹیم ورک اور عمدہ بولنگ۔ روسو ، شعیب مقصود ، عمران طاہر اور عمران خان نے ناممکن کو ممکن بنا دیا۔ ہارڈ لک پشاور زلمی۔‘

محمد اویس کے مطابق پاکستانی سپر لیگ کے نئے چیمپیئنز کا سفر کسی افسانوی کہانی جیسا تھا جو سب سے نیچے ہوتے ہوئے کیسے سب سے اوپر آ گئی۔

ایک صارف عمر بٹ کا کہنا تھا ’سب سے نیچے کی ٹیم اپنے جذبے اور ٹیم ورک کی وجہ سے سب سے اوپر آگئی۔‘

ملتان سلطان کے کھلاڑیوں میں جن کی سب سے زیادہ تعریف ہوتی نظر ائی ان میں صہیب مقصود سر فہرست تھے۔ کیونکہ وہ پی ایل ایل 6 میں 400 رنز بنانے والے تین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ انہںی مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔

دوسری جانب کچھ ایسے لوگ بھی تھے جو پشاور زلمی کے ساتھ ہمدردی کرتے نظر آئے۔

عبدللہ تنولی کا کہنا تھا ’پشاور زلمی تیسرا پی ایس ایل فائنل ہاری ہے۔ یہ زلمی خاندان کے لیے دل دکھانے والی بات ہے۔‘

میچ میں کیا ہوا؟

نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عماد بٹ تھے جو سات رنز بنا کر عمران خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

عمران طاہر نے زلمی کے چھٹے اور ساتویں اورآٹھویں کھلاڑی کو اوپر تلے پویلین کی راہ دکھا دی۔ روتھرفورڈ کو 18 کے انفرادی سکور جبکہ وہاب ریاض اور محمد عمران بنا کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

چوتھی وکٹ اس وقت گری جب رومن پاؤل 23 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پانچویں آؤٹ ہونے والے کھءاڑی شعیب ملک تھے جنہوں نے 48 رنز بنائے۔ وہ پندرھوین اوور کی پہلی گیند پر سہیل تنویر کی گیند کا نشانہ بن گئے۔

اس سے پہلے شعیب ملک اور رومن پاول نے محتاط پارٹنر شپ میں کھیل جاری رکھا۔ شعیب ملک کے چند جارحانہ شاٹس کی بنا پر لگنے والے چھکوں نے زلمی کی اننگز کو سہارا دیا۔

شعیب ملک بھی کریز پر آنے کے بعد جلد ہی وکٹوں کے عقب میں کیچ ہو گئے لیکن تھرڈ امپائر نے عمران خان کی اس گیند کو نوبال قرار دے دیا۔

تیسری وکٹ اس وقت گری جب جوناتھن ویلز چھ رنز کے انفرادی سکور پر رن آؤٹ ہو گئے۔

اس سے پہلے ہدف کے تعاقب میں زلمی کے حضرت اللہ ززئی صرف چھ رنز بنا کر مزربانی کی گیند پر کیچ آؤٹ جبکہ کامران اکمل 36 رنز بنا کر عمران خان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطان کی اننگز

ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ 6 کے فائنل میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کے اوپنرز شان مسعود اور محمد رضوان نے مل کر ساتویں اوور میں اپنی ٹیم کے لیے نصف سنچری مکمل کی اور ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو 68 تک پہنچایا۔

لیکن شان مسعود زلمی کے باؤلر محمد عمران کی ایک آہستہ گیند پر رنز بنا کر بولڈ ہو گئے جس کے بعد محمد رضوان 30 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے یہ دونوں وکٹیں محمد عمران نے لیں۔

سلطانز کے صہیب مقصود نے 27 گیندوں جبکہ رائیلی روسوو نے صرف 20 گیندوں پر نصف سنچریاں بنائیں لیکن اپنی نصف سنچری کے مکمل ہونے کے فوراً بعد اگلی ہی گیند پر رائیلی روسوو ثمین گل کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے جبکہ صہیب مقصود 65 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

رائیلی روسوو کے بعد جانسن چارلز بھی ثمین گل کی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے

یاد رہے کہ پشاور زلمی ایک مرتبہ پاکستان سپر لیگ کی چیمپیئن بن چکی ہے جبکہ ملتان سطانز کی ٹیم پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچی ہے۔

فائنل میچ کے لیے پشاور نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی اور عمید آصف کی جگہ ثمین گل کو ٹیم میں شامل کیا ہے جبکہ ملتان سلطانز نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں یہ کھلاڑی شامل ہیں:

پشاور زلمی: وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، جونو ویلز، صہیب مقصود، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، عماد بٹ، ثمین گل، محمد عرفان، محمد عمران۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان(کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، جانسن چارلس، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، بلیسنگ مزربانی، شاہنواز دھانی، عمران طاہر، عمران خان۔