آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان سپر لیگ سیزن 6 پہلا کوالیفائر: پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار ملتان سلطانز فائنل میں، اسلام آباد کو 31 رنز سے شکست
پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے پلے آف مرحلے کے پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے ہرا کر پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
ملتان سلطانز کے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم صرف 149 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عثمان خواجہ کے عمدہ اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ میں موجود رہنے کا موقع ملا۔ انھوں نے 40 گیندوں پر نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 70 رنز بنائے۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی اس وقت اسلام آباد کی بیٹنگ ہدف کے تعاقب میں مصروف رہی تاہم کوئی بھی دوسرا بلے باز خاطر خواہ رنز نہ بنا پایا۔ملتان کی جانب سے سہیل تنویر نے آغاز میں ہی اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 رنز کے عوض اسلام آباد کے اوپنرز منرو اور عثمان خواجہ سمیت شاداب خان کو بھی آؤٹ کیا۔
یوں اسلام آباد کی بیٹنگ کسی بھی موقع پر سنبھل نہیں سکی تاہم اس میچ کا ٹرننگ پوائنٹ اسلام آباد کے عاکف جاوید کا 19واں اوور تھا جس میں انھوں نے 29 رنز دے دیے۔
صہیب مقصود، جانسن چارلس کی عمدہ شراکت
اس انتہائی اہم میچ میں جب ملتان نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس نے دوسرے ہی اوور میں محمد رضوان کی وکٹ گنوا دی۔ وہ عاکف جاوید جاوید کی گیند پر محمد اخلاق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
تاہم رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے بلے صہیب مقصود تھے جنھوں نے آتے ہی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ صہیب مقصود اس ٹورنامنٹ میں اچھی ہٹنگ فارم میں دکھائی دے رہے ہیں اور انھیں ملتان کی جانب سے تیسرے نمبر پر بھیجا جا رہا ہے جہاں وہ اس سے قبل بھی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
جب شاداب نے ایک ہی اوور میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تو بجائے اس کے صہیب اور جانسن چارلس محتاط انداز اپناتے، دونوں نے ہی جارحانہ بیٹنگ کی اور ملتان کا مومنٹم نہیں ٹوٹنے دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دونوں کے درمیان 63 رنز کی شراکت ہوئی اور پہلے چارلس تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پھر صہیب مقصود 59 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
خوشدل شاہ کی جارحانہ اننگز
ان کے آؤٹ ہوتے ہی ایسا معلوم ہوتا تھا کہ شاید ملتان ایک مرتبہ پھر بڑے ہدف تک رسائی حاصل نہیں کر پائے گا، لیکن اننگز کے 19ویں اوور میں خوشدل شاہ نے وہ کر دکھایا جو اب سے کچھ روز قبل دانش عزیز نے کوئٹہ کے خلاف میچ میں کیا تھا۔
انھوں نے عاکف جاوید کی بولنگ پر لگاتار چار چھکے مارے اور اوور میں 29 رنز سمیٹنے میں کامیاب ہوئے۔ انھوں نے اپنی اس جارحانہ اور مؤثر اننگز میں 42 رنز بنائے جس میں پانچ چھکے شامل تھے۔
اس طرح ملتان سلطانز مقررہ 20 اوورز میں 180 رنز بنانے میں کامیاب ہوا۔
یہ بھی پڑھیے
ملتان سلطانز کے لیے اس ٹورنامنٹ کے کراچی میں کھیلے گئے میچ خاصے مایوس کن رہے تھے اور یہ ٹیم پانچ میں سے چار میچ ہار گئی تھی اور ایسا معلوم ہوتا تھا کہ شاید کوئٹہ کے ساتھ ٹورنامنٹ سے نکلنے والی ٹیموں میں سے ایک یہ بھی ہو گی۔
تاہم ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پانچ میچوں میں سے چار میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اب ملتان پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پورے ٹورنامنٹ میں ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا اور اپنے 10 میچوں میں سے اسے صرف دو میں شکست ہوئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جن کھلاڑیوں کو سنیچر کو کھیلے جانے والے میچ میں آرام کا موقع دیا گیا تھا ان کی اس میچ میں واپسی ہوئی ہے۔ ان کھلاڑیوں میں عثمان خواجہ، کولن منرو اور حسن علی شامل تھے۔