آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان سپر لیگ سیزن 6: آخری لیگ میچ میں اسلام آباد نے ملتان کو چار وکٹوں سے ہرا دیا
پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 150 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ ٹورنامنٹ کی کامیاب ترین ٹیم اسلام آباد نے آخری اوور میں مکمل کر لیا۔
یاد رہے کہ یہ میچ لیگ میچوں کے مرحلے کا آخری میچ تھا اور ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکے تھے۔ اگر پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے جبکہ ملتان سلطانز دوسرے نمبر پر ہے۔ پلے آف مرحلے کے لیے اسلام آباد اور ملتان کے علاوہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کوالیفائی کیے ہیں۔
ملتان کی ٹیم جو ابو ظہبی آنے سے قبل خاصی مشکلات کا شکار تھی اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاید یہ پلے آف تک رسائی حاصل نہ کر پائے اب بہترین مومینٹم کے ساتھ کھیل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ملتان کے لیے اوپننگ کرنے والے شان مسعود اور محمد رضوان نے آغاز میں محتاط انداز اپنایا لیکن پھر تیسرے اوور میں 13 اور چوتھے میں 18 رنز بنا کر پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور پانچویں اوور کے اختتام پر 50 رنز مکمل کیے۔
تاہم یہ جارحانہ انداز صرف پاور پلے تک محدود نہیں رہا بلکہ دونوں اوپنرز نے پاور پلے کے بعد بھی سپنرز کے خلاف چوکے چھکوں کی بوچھاڑ کیے رکھی۔ ملتان کے کامیاب ترین بلے باز اوپنر شان مسعود رہے جنھوں نے 37 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔
اسلام آباد کی جانب سے محمد وسیم نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ فہیم اشرف اور فواد احمد نے دو دو جبکہ شاداب خان اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں عمر امین اور محمد اخلاق نے اسلام آباد کو ایک مستحکم آغاز دیا۔ محمد اخلاق آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو کہ 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد کی جانب سے نمایاں سکور کپتان شاداب خان کے 35 اور حسین طلعت کے 34 رہے۔