آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پی ایس ایل: دوسرے ایلیمنیٹر میں یونائیٹڈ کو شکست دے کر پشاور زلمی فائنل میں
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
پشاور زلمی جمعرات کو ملتان سلطانز کے خلاف پی ایس ایل کا فائنل کھیلے گی۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جو انھوں نے با آسانی حاصل کر لیا۔
شعیب ملک نے صرف 10 گیندوں پر 32 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی کامیابی مںی اہم کردار ادا کیا جبکہ میچ میں ابھی 19 گیندیں باقی تھیں۔ جبکہ آسٹریلوی کھلاڑی جوناتھن ویلز نے 43 گیندوں پر تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسلام آباد کی اننگز
اننگز میں پہلے 15 اوورز تک پشاور زلمی کے باؤلرز پوری طرح حاوی رہے مگر آخری پانچ اوورز میں نویں وکٹ کی شراکت نے صورتحال یکسر تبدیل کردی۔
اسلام یونائیٹڈ کے لیے نویں وکٹ کی طویل ترین پارٹنرشپ نے ٹیم کو مشکل سے نکالا۔ آخری پانچ اوورز میں اس پارٹنرشپ کی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو ایک بڑا ہدف دیا۔ نویں وکٹ کے لیے حسن علی اور محمد وسیم کے درمیان 63 رنز کی شراکت ہوئی۔ جو پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے طویل شراکت ہے۔
حسن علی نے سب سے زیادہ 45 بنائے۔ انھوں نے صرف 16 گیندوں کا سامنا کیا۔ کولن منرو نے 29 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ برینڈن کنگ نے 16 گیندوں کا سامنا کیا اور 18 رنز بنائے۔ شاداب خان نے 15 جبکہ افتخار احمد صرف دس رنز ہی بنا سکے۔ آج کے میچ میں آصف علی نے آٹھ رنز بنائے۔
پشاور زلمی نے آخری چار اوورز میں 64 رنز دیے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
ویاب ریاض نے چار اوورز میں 35 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ امید آصف نے تین اوورز میں 44 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد عمران، محمد عرفان اور عماد بٹ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اگر بات کریں اس سے پہلے کے میچز کی تو پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف گذشتہ پانچ میچز میں سے تین اپنے نام کیے ہیں۔ ایک میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ فاتح رہا جبکہ ایک میچ بارش کی وجہ سے نہ کھیلا جا سکا اور یوں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔