پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: انگلش کرکٹ ٹیم ’اکتوبر 2021 میں پاکستان کا دورہ کرے گی‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال اکتوبر میں دورۂ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اور 15 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں میچوں کی میزبانی کراچی کے سپرد کی گئی ہے۔
یہ 16 سال میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ آخری مرتبہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 2005 میں مائیکل وان کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں اس نے تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔
پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اپنی ہوم سیریز 2012 اور 2015 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی تھیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اس سال کووڈ 19 کی صورتحال میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا جس کے اختتام پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین احسان مانی نے کہا تھا کہ جس طرح پاکستان کرکٹ بورڈ نے مشکل حالات میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی مدد کی ہے اسے بھی چاہیے کہ وہ پاکستان کا جوابی دورہ کرے تاکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے عمل کو مزید تقویت مل سکے۔
دونوں کرکٹ بورڈز میں رابطے کے بعد اس بات پر اتفاق پایا گیا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم آئندہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے تاہم یہ مجوزہ دورہ اس لیے ممکن نہ ہوسکا کیونکہ اس عرصے میں انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا اور بھارت میں کھیلنے والی ہے جبکہ اس کے متعدد کھلاڑی بگ بیش آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں مصروف ہونگے لہذا پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بات سے قطعاً اتفاق نہیں کیا کہ انگلینڈ کی سی ٹیم پاکستان آکر کھیلے۔
دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد اب یہ طے پایا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے 2021 ءاکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ یہ دورہ بھارت میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ہوگا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا مکمل دورۂ پاکستان 2022ء میں شیڈول ہے۔
یہاں یہ بات بھی بہت اہم ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے کرکٹ بورڈز کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان اور ٹام ہیریسن کے درمیان مستقل رابطے اور دونوں کے خوشگوار تعلقات بھی انگلینڈ کی ٹیم کے مختصر لیکن اہم دورے کو ممکن بنانے میں معاون ثابت ہوئے ہیں۔ وسیم خان پاکستان آنے سے قبل انگلینڈ کی کاؤنٹی لیسٹرشائر کے بھی چیف ایگزیکٹیو رہ چکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ’فیوچر ٹوور پروگرام‘ کے تحت انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا دورۂ پاکستان 2022 میں شیڈول ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کا خیال ہے کہ آئندہ سال جنوری میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ وقت نکال سکتا ہے جو انگلینڈ کی ٹیم کے سری لنکا کے دورے اور انڈیا کے خلاف اس کی سیریز کے درمیان ممکن ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے رواں سال کووڈ 19 کی مشکل صورتحال میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا جس پر میزبان بورڈ اور انگلینڈ کے متعدد سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے پاکستان کی تعریف کی تھی۔
انگلینڈ کی ٹیم جب آخری بار پاکستان آئی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم اگر پاکستان کا دورہ کرتی ہے تو یہ 2005 کے بعد یہ ان کا پہلا دورۂ پاکستان ہوگا۔
15 سال قبل انگلینڈ نے مائیکل وان کی قیادت میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز پاکستان میں کھیلی تھی جبکہ پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کے کپتان مارکس ٹریسکوتھک تھے۔
پاکستان نے انضمام الحق کی قیادت میں ٹیسٹ سیریز دو صفر جبکہ ون ڈے سیریز تین دو سے جیتی تھی۔
پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے سلسلے میں حالیہ برسوں کے دوران خاصی تیزی آچکی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ یہ واضح کرچکا ہے کہ اب وہ اپنی تمام انٹرنیشنل سیریز پاکستان میں ہی کھیلے گا۔
سنہ 2017 میں انٹرنیشنل الیون نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں یہاں آچکی ہیں۔
گذشتہ سال ایم سی سی کی ٹیم نے بھی کمار سنگاکارا کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
زمبابوے کی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی کھیلنے اس ماہ کے اواخر میں پاکستان کے دورے پر آنے والی ہے جس کے بعد جنوبی افریقی ٹیم کا دورہ پاکستان بھی متوقع ہے۔












