سلیم ملک کا ویڈیو پیغام: سابق ٹیسٹ کرکٹر پابندیاں ہٹنے کے بعد پاکستان کرکٹ میں دوسری اننگز کے منتظر

سلیم ملک

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

سابق ٹیسٹ کپتان سلیم ملک نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کی ہے کہ جیسے دوسرے کرکٹرز کو کرکٹ میں واپسی کا موقع دیا گیا ہے انھیں بھی کھیل میں واپس آنے کا ایک موقع دیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب ان کے ساتھ کھیلنے والے سابق کرکٹرز انضمام الحق اور ثقلین مشتاق نے بھی سابق کپتان کے حق میں ویڈیوز جاری کی ہیں اور ان کے موقف کی تاید کی ہے۔

بدھ کو میڈیا کو جاری ہونے والے ایک ویڈیو پیغام میں سلیم ملک کا کہنا تھا کہ وہ یہ ویڈیو اس لیے بنا رہے ہیں کیونکہ ایسی چند ویڈیوز ان کی نظر سے گزری ہیں جن میں کچھ سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور اسپورٹس اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز نے ان کے کھیل کے بارے میں مثبت خیالات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ سلیم ملک کو دوسرا موقع ملنا چاہیے۔

یاد رہے کہ سلیم ملک پر سنہ 2000 میں میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کی پاداش میں جسٹس ملک محمد قیوم کمیشن نے تاحیات پابندی اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سفارش کی تھی، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے عملدرآمد بھی کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

سلیم ملک کے علاوہ فاسٹ بولر عطا الرحمن پر تاحیات پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ کمیشن سے عدم تعاون پر وسیم اکرم، مشتاق احمد، وقاریونس، انضمام الحق، سعید انور اور اکرم رضا پر بھی جرمانے عائد کیے گئے تھے۔

سلیم ملک نے اپنی حالیہ ویڈیو میں کہا کہ 2008 میں انھیں عدالت نے کلیئر کر دیا تھا لیکن اس کے باوجود انھوں نے جب بھی کوچنگ میں آنے کی کوشش کی تو ان کا نام زیرغور نہیں آیا اور ان کی خواہش ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کی کسی نہ کسی حیثیت میں خدمت کریں اور اپنا ہنر نوجوان کرکٹرز کو منتقل کرسکیں۔

انضمام

،تصویر کا ذریعہGetty Images

سلیم ملک نے چند ایسے کرکٹرز کا بھی ذکر کیا جو میچ فکسنگ یا سپاٹ فکسنگ میں سزا مکمل ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم میں واپس آئے یا پھر ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ کھیلے جن میں محمد عامر، سلمان بٹ، محمد آصف اور شرجیل خان شامل ہیں۔ تاہم سلیم ملک کے مطابق وہ واحد کرکٹر ہیں جنھیں یکسر نظرانداز کیا گیا۔

واضح رہے کہ سلیم ملک نے اپنی تاحیات پابندی کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور اکتوبر 2008 میں لاہور میں سِول کورٹ کے جج ملک محمد الطاف نے ان پر عائد پابندی ختم کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

سلیم ملک کو بہت زیادہ رگڑا لگ چکا

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دو سابق کرکٹرز انضمام الحق اور ثقلین مشتاق نے بھی کھل کر سلیم ملک کی حمایت کی ہے۔

آف اسپنر ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ سلیم ملک کو بہت زیادہ رگڑا لگ چکا ہے لہذا وہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی سے گزارش کرتے ہیں کہ ان پر عائد پابندی اٹھا لینی چاہیے اور انھیں اب کرکٹ میں شریک کرنا چاہیے۔

ثقلین سمجھتے ہیں کہ جب بھی سلیم ملک کو موقع دیا جائے گا وہ جان لڑا دیں گے اور کرکٹ کی خدمت کریں گے۔

سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ سلیم ملک کو دوسری اننگز کھیلنے کا موقع دیا جانا چاہیے جیسا کہ انڈیا میں سابق کپتان اظہرالدین کو دیا گیا ہے ان پر بھی اسی طرح کی پابندی عائد تھی تاہم اب وہ حیدرآباد دکن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ہیں۔

انضمام کے مطابق سلیم ملک کا بھی وہ وقت گزر چکا ہے اور انھیں بھی گراؤنڈ میں یا کسی ٹی وی چینل پر نظر آنا چاہیے۔

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ سلیم ملک کے پاس اتنا تجربہ ہے جو وہ نوجوان کرکٹرز سے بانٹ سکتے ہیں اور کوچنگ کرسکتے ہیں۔ ان کی دعا ہے کہ وہ سلیم ملک کو دوبارہ کرکٹ گراؤنڈ میں دیکھیں کیونکہ جو کچھ ماضی میں ہوا وہ اب ختم ہو چکا ہے۔