PSL: ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بلے باز وہی سرخرو جو بولر پر حاوی ہو جائے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
ٹی ٹوئنٹی میں وہی بلے باز سرخرو ہے جو بولر پر حاوی ہو جائے۔ شائقین بھی ایسے ہی بلے باز کو پسند کرتے ہیں جو انھیں اپنی جارحانہ بیٹنگ سے بہترین تفریح فراہم کریں۔
دراصل ٹی ٹوئنٹی کسی اصول اور قاعدے میں بندھی تکنیک سے آزاد کرکٹ ہی کا نام ہے۔
پاکستان سپر لیگ میں آسٹریلوی بلے باز بین ڈنک نے لاہور قلندرز کی طرف سے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کو چوکوں، چھکوں سے ایسا ڈنک مارا کہ وہ اس سے نہ سنبھل سکے۔ قذافی سٹیڈیم میں شائقین کے لیے اس سے بہتر نظارہ اور کیا ہو سکتا تھا۔
بین ڈنک نے اپنی 93 رنز کی اننگز میں تین چوکے اور 10 چھکے لگائے۔ یہ پاکستان سپر لیگ میں کسی بھی بلے باز کا ایک میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا نیا ریکارڈ بھی تھا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل عمراکمل، شرجیل خان، کیون پیٹرسن، کامران اکمل اور کالن انگرم نے ایک اننگز میں 8 چھکے لگائے تھے۔
پی ایس ایل میں سب سے زیادہ چھکے
پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ چھکوں کا مقابلہ شین واٹسن اور کامران اکمل کے درمیان جاری ہے۔
شین واٹسن اب تک 77 چھکے لگا چکے ہیں جبکہ کامران اکمل 73 چھکے لگا کر ان کے بہت قریب آ چکے ہیں۔
یہ تو پاکستان سپر لیگ کی بات ہے لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ کس بلے باز ہے؟
کرس گیل سب سے ’بے رحم‘ بلے باز

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل کو دنیا ایک ایسے بیٹسمین کے طور پر جانتی ہے جو کسی بھی بولر پر رحم کرنے کے لیے تیار نہیں۔
کرس گیل بلاشبہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں جن کے نام کے آگے کئی ریکارڈز اور کارنامے درج ہیں۔ جب بات چھکوں کی آتی ہے تو وہ دوسرے تمام بلے بازوں سے بہت آگے نظر آتے ہیں۔
کرس گیل کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 978 چھکے لگانے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ 1026 چوکے اس کے علاوہ ہیں۔
کرس گیل کو ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ 22 سنچریاں، 82 نصف سنچریاں اور 13296 رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
ایک اننگز میں سب سے زیادہ 18 چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی کرس گیل کے نام درج ہے۔ انھوں نے سنہ 2017 میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں رائیڈز کی طرف سے ڈائنامائٹس کے خلاف میچ میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انھوں نے کسی دوسرے بیٹسمین کا نہیں بلکہ اپنے ہی سترہ چھکوں کا ریکارڈ توڑا تھا۔
کرس گیل کی جارحانہ بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ انھوں نے 18 مواقعوں پر ٹی ٹوئنٹی میچ میں 10 یا اس سے زیادہ چھکے لگائے ہیں۔
کرس گیل نے تقریباً تمام ہی فرنچائز ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلی ہیں۔ وہ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ 326 چھکے لگانے والے بیٹسمین ہیں۔ اسی طرح بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں 132 اور کیریبیئن لیگ میں 162چھکوں کا ریکارڈ بھی کرس گیل کا ہی ہے۔
کرس گیل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ 60 چھکے لگائے ہیں تاہم وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 105 چھکے لگا کر چوتھے نمبر پر ہیں۔
یہ ریکارڈ انڈیا کے روہت شرما کا ہے جو 127 چھکوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ 16 چھکوں کا ریکارڈ افغانستان کے حضرت اللہ زئی کا ہے۔
ایک اوور میں چھ چھکے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ٹی ٹوئنٹی میں اب تک صرف تین بیٹسمینوں نے ایک اوور کی تمام چھ گیندوں پر چھ چھکے لگائے ہیں ان میں انڈیا کے یووراج سنگھ اور افغانستان کے حضرت اللہ زئی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
یووراج سنگھ نے سنہ 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے سٹورٹ براڈ کے ایک اوور میں چھ چھکے لگائے تھے۔
حضرت اللہ زئی نے سنہ 2018 میں افغان لیگ میں عبداللہ مزاری کو ایک اوور میں چھ چھکے لگائے۔
ووسٹر شائر کے بلے باز راس وائٹلی نے سنہ 2007 کے ٹی ٹوئنٹی کپ میں یارک شائر کے سپنر کارل کارور کی تمام چھ گیندوں کو باؤنڈری کے باہر پہنچایا تھا۔









