شوبز ڈائری: پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر کی سونالی بیندرے کے ساتھ افیئر کی تردید

سونالی بیندرے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

گذشتہ ہفتے پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ کے عالمی کپ کے میچ میں پاکستان کی ہار کے بعد سوشل میڈیا پر بہت لوگوں نے اپنا غصہ نکالا اور دونو ں ممالک کی عوام نے ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچی۔ اسی دوران انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی اداکارہ وینا ملک کی تو تو میں میں بھی سامنے آئی۔

لیکن ان سب سے زیادہ دلچسپ ویڈیو پاکستانی کرکٹ سٹار شعیب اختر کی تھی جس میں انھوں نے پہلے تو اپنے اور سونالی بیندرے کے افیئر کی افواہوں کی تردید کی اور ساتھ ہی کینسر کو مات دینے پر سونالی بندرے کی تعریف کی۔

ثانیہ مرزا کا ذکر شروع کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ ثانیہ مرزا بہت بد قسمت خاتون ہیں جنھیں کبھی انڈیا اور کبھی پاکستان سے ٹرول کیا جاتا ہے۔

شعیب کا کہنا تھا ثانیہ نے اپنے شوہر کے ساتھ کھانا ہی تو کھایا تھا پاکستان سے اچھا نہ کھیلنے کے لیے تو نہیں کہا تھا۔

ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ انڈیا کی ٹیم ایک بڑی ٹیم ہے جو اچھا کھیلی ہمیں انھیں مبارکباد دینی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے

شعیب اختر کی یہ بات کافی حد تک درست ہے کہ سوشل میڈیا پر ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ آپ کو کسی پر بھی نکتہ چینی کرنے یا کسی پر کیچڑ اچھالنے کا حق حاصل ہے۔

یہاں سوال یہ بھی ہے کہ کیا آپ کسی کے سامنے جا کر اس کے بارے میں وہ سب کہہ سکتے ہیں جو آپ سوشل میڈیا پر انتہائی بیباکی سے لکھتے ہیں۔

رتک روش اور کنگنا رناوت

،تصویر کا ذریعہBOLLYWOOD AAJ KAL

رتک روشن اور کنگنا رناوت کا معاملہ ہے کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔ کچھ عرصے کے بعد کوئی نہ کوئی بات سامنے آ رہی ہے اور پھر الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔

رتک کے والد راکیش روشن اس وقت کینسر سے لڑ رہے ہیں اور رتک کی بہن سُنینا روشن کی اپنے ہی گھر والوں کے ساتھ ناراضگی چل رہی ہے۔ اس بات کا واضح اظہار سنینا نے ٹوئٹر پر کھل کر کیا کہ وہ اپنے گھر والوں سے علیحدہ رہ رہی تھیں۔

ایک اور ٹویٹ میں سنینا نے کنگنا رناوت کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔ کنگنا کی بہن رنگولی نے موقع کنوائے بغیر ٹوئٹر پر پھر سے طنز کا سلسلہ شروع کر دیا۔

اس موقع پر رتک کی سابق بیگم سوزین خان نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں رتک کے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس خاندان کا حصہ رہ چکی ہیں جو بہت پر خلوص اور محبت کرنے والا ہے۔

سوزین نے لکھا کہ سنینا بہت ہی ہمدرد اور اچھی انسان ہیں لیکن اس وقت وہ خراب حالات سے گذر رہی ہیں۔ برائے مہربانی اس برے وقت میں اس خاندان کی پرائیویسی کا خیال کریں۔ کنگنا نے اس بات کی تصدیق کی کہ سنینا ان سے رابطے میں ہیں لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ کے وہ ان کے گھر کے جھگڑے کا فائدہ نہیں اٹھانا چاہتیں۔

سلمان خان اور عالیہ بھٹ

،تصویر کا ذریعہAFP/ Getty

سلمان خان اور عالیہ بھٹ کی فلم انشاللہ کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی فلم کی شوٹنگ کے لیے امریکی ریاست فلوریڈا میں مختلف مقامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فلم میں سلمان خان فلوریڈا میں رہنے والے ایک 40 سال کے جواں دل بزنس مین کا کردار نبھائیں گے۔

یہ فلم سلمان اور عالیہ کی عمر میں فرق کے سبب کافی عرصے سے سرخیوں میں ہے۔ اس حوالے سے فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کا کہنا ہے کہ دونوں کی عمر میں فرق ہی اس فلم کی بنیاد ہے۔